شاہینز کی شاندار کارکردگی کے باوجود بھارت سیف چیمپئن بن گیا
ریڈ کارڈ نے میچ کا نقشہ بدل دیا، شاندار کھیل کے باوجود پاکستان کو سیف فائنل میں شکست
ڈھاکہ: پاکستان کو سیف چیمپئن شپ 2026 کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے گئے
فیصلہ کن معرکے میں شاہینز نے پہلے ہاف میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برتری حاصل کی، لیکن دوسرے ہاف میں جنید شاہ کو ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔
پاکستان نے میچ کا جارحانہ آغاز کیا اور پہلے ہاف میں بھارتی ٹیم پر حاوی رہا۔ شاہینز نے 65 فیصد گیند اپنے قبضے میں رکھی، 9 شاٹس لگائے جن میں سے 4 ہدف پر تھے جبکہ 4 کارنرز بھی حاصل کیے۔ اس کے مقابلے میں بھارت صرف 3 شاٹس لگا سکا۔
بھارت نے صمد ارشد کو روکنے کے لیے دو کھلاڑی تعینات کیے، تاہم صمد اور حارث زیب نے دائیں جانب سے مل کر کئی خطرناک حملے کیے۔ مڈ فیلڈ میں عادل نبی نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا۔ بھارت نے گول کرنے کے مواقع بنائے لیکن گول کیپر یوسف بٹ نے شاندار سیو کر کے ٹیم کو بچائے رکھا۔
پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں پاکستان کو برتری مل گئی۔ 45+1 ویں منٹ میں جنید شاہ کے کراس پر گیند بھارتی کھلاڑی سے ٹکرا کر عالمگیر غازی کے پاس آئی جنہوں نے گیند کو گول کے اوپری کونے میں پہنچا کر پاکستان کو 1-0 سے آگے کر دیا۔
دوسرے ہاف میں بھارت نے دباؤ بڑھایا۔ 59 ویں منٹ میں میچ کا ٹرننگ پوائنٹ آیا جب وی اے آر کے جائزے کے بعد جنید شاہ کو برائسن فرنینڈس پر فاؤل پر براہ راست ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔ پاکستان کو بقیہ میچ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔
ایک کھلاڑی کم ہونے کا بھارت نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ 60 ویں منٹ میں سہیل بھٹ نے کراس پر گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ 67 ویں منٹ میں یوسف بٹ نے ایک اور یقینی گول روکا لیکن 88 ویں منٹ میں سندیپ منڈی نے کارنر پر ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول کر کے بھارت کو 2-1 کی برتری دلا دی۔
پانچ منٹ کے اضافی وقت میں پاکستان نے برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا اور بھارت نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ شاہینز نے آخری لمحے تک بہادری سے مقابلہ کیا لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا۔