پہلی آل پاکستان بیڈمنٹن چیمپئن شپ اختتام پذیر، قاری عدنان اور لاریش خان چیمپئن
پہلی آل پاکستان بیڈمنٹن چیمپئن شپ اختتام پذیر، کاری عدنان اور لاریش خان چیمپئن بن گئے
ملتان: شٹل سمیشرز اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام سپورٹس کمپلیکس ملتان کے سپورٹس جمنازیم میں منعقد ہونے والی پہلی آل پاکستان بیڈمنٹن چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔ چیمپئن شپ میں پاکستان بھر سے 80 سے زائد بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن کے درمیان سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔
فائنل مقابلے میں کاری عدنان اور لاریش خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ راجہ حیدر اور عظیم سرور دوسری پوزیشن پر رہے۔ یاسر علی اور احمد آصف نے تیسری جبکہ رائے منان اور ابرار احمد نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے مہمانانِ خصوصی ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم، چوہدری اشفاق، ملک اقبال، محمد اویس اور شاہد الطاف تھے۔ اس موقع پر مہمانوں کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا اور گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم نے کہا کہ وہ شٹل سمیشرز کے مشکور ہیں جنہوں نے بیڈمنٹن کے کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین ٹورنامنٹ منعقد کیا، جس کے ذریعے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع ملا۔
چوہدری اشفاق نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ بیڈمنٹن ایک بہترین کھیل ہے جو انسان کو جسمانی طور پر فٹ اور صحت مند رکھتا ہے، اسی لیے اس کھیل کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔
ملک اقبال نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیتے دیکھ کر دلی خوشی ہوئی۔ ایونٹ آرگنائزر مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے پورے پاکستان سے کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور انہیں بہترین ماحول فراہم کیا۔
شاہد الطاف نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے بچا کر صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے، اس مقصد کے لیے ہم سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے شانہ بشانہ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
محمد اویس نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت کرکے انہیں بہت خوشی ہوئی۔ نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا اور ان کے درمیان دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، جن سے تمام شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔
تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں نے بیڈمنٹن ایونٹ کے آرگنائزر انیس خان کو کامیاب اور بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافی، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 50 ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافی، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 25 ہزار روپے نقد انعام جبکہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 20 ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافی دی گئی۔