کرکٹ
فخر زمان چھا گئے، 100 چھکوں کے ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے ہٹر بن گئے
فخر زمان کا بڑا کارنامہ، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں چھکوں کی سنچری مکمل
پاکستان کے تجربہ کار اوپنر فخر زمان نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں چھکوں کی سینچری مکمل کرکے تاریخ رقم کردی، وہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ جیو سپر کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں فخر زمان کو 100 چھکوں کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے ایک چھکے کی ضرورت تھی۔ انہوں نے سری لنکن بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر بنورا فرنینڈو کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر شاندار چھکا لگا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ 36 سالہ فخر زمان نے 2017 میں پاکستان کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے 113 اننگز میں 100 چھکے مکمل کیے۔ پاکستان کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹرز کی فہرست میں فخر زمان پہلے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 95 چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ کپتان صاحبزادہ فرحان 81 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں اور انہوں نے سابق کپتان بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنہوں نے 80 چھکے لگا رکھے ہیں۔ محمد حفیظ 76 چھکوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ فخر زمان تاہم یہ سنگ میل عبور کرنے کے بعد بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور ایشان مالنگا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 7 گیندوں پر 12 رنز بنائے۔ فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی اور ٹیم 102 رنز پر 6 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ اس موقع پر کپتان صاحبزادہ فرحان اور ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر عرفات منہاس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اہم شراکت قائم کی، جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔