لاہور ریجن بلوز کا شاندار کارنامہ، قومی انڈر 19 چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا
قومی انڈر 19 چیمپئن شپ: لاہور ریجن بلوز نے فائنل میں راولپنڈی ریجن کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا
داود توقیر رانا کی ناقابلِ شکست 86 رنز کی فیصلہ کن اننگز، ابتسام اظہر کی میچ میں 9 وکٹیں؛ لاہور بلوز کی شاندار کارکردگی
رپورٹ: عابد حسین
فیصل آباد: لاہور ریجن بلوز نے قومی انڈر 19 چیمپئن شپ کے فائنل میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈی ریجن کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے چار روزہ فائنل میں لاہور بلوز نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی۔
فائنل میں راولپنڈی ریجن نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے، جس کے جواب میں لاہور بلوز کی ٹیم 222 رنز بنا سکی۔
راولپنڈی ریجن نے دوسری اننگز میں 188 رنز اسکور کیے اور لاہور بلوز کو فتح کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا،
جسے لاہور بلوز نے صرف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
لاہور بلوز کی کامیابی میں داود توقیر رانا نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 47 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ،
پراعتماد اور ناقابلِ شکست 86 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ان کی بیٹنگ نے فیصلہ کن مرحلے پر ٹیم کو استحکام فراہم کیا۔
باؤلنگ کے شعبے میں ابتسام اظہر نمایاں رہے، جنہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کرکے راولپنڈی ریجن کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار رکھا۔
نقیب اللہ نے بھی آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ نصف سنچری اسکور کی اور ٹیم کی کامیابی میں اہم حصہ ڈالا۔
قومی انڈر 19 چیمپئن شپ کے اختتام پر انفرادی کارکردگی کی بنیاد پر نمایاں کھلاڑیوں کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔
لاہور بلوز کے حماد آصف، 575 رنز کے ساتھ بہترین بلے باز قرار پائے۔
راولپنڈی ریجن کے محمد حسن خان، 54 وکٹوں کے ساتھ بہترین بولر، پشاور ریجن بلوز کے زین العابدین،
15 کیچز کے ساتھ بہترین وکٹ کیپر اور لاہور بلوز کے ابتسام اظہر، 44 وکٹوں اور 236 رنز کے ساتھ بہترین آل راؤنڈر قرار پائے۔
فائنل کے اختتام پر ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز پاکستان کرکٹ بورڈ اسامہ شارون نیازی اور صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے فاتح ٹیم لاہور ریجن بلوز کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو وننگ ٹرافی پیش کی اور انہیں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے قومی انڈر 19 چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے پر لاہور ریجن بلوز کے تمام کھلاڑیوں، ہیڈ کوچ آصف اشفاق،
معاون کوچنگ اسٹاف اور ٹیم منیجر سید عبدالرشید کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی لاہور ریجن میں کرکٹ کے فروغ،
نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مؤثر کرکٹ ڈویلپمنٹ کے لیے جاری مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر لاہور ریجن بلوز کی یہ شاندار فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی صلاحیت، محنت،
نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ عزم کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں۔
ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کیا اور فائنل میں بھی دباؤ کے باوجود غیر معمولی اعتماد اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔
خواجہ ندیم احمد نے خصوصی طور پر کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حماد آصف،
ابتسام اظہر، داود توقیر رانا اور نقیب اللہ سمیت تمام کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش،
تربیت اور انہیں قومی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کاوشیں مزید مؤثر بنائے گی۔
صدر لاہور ریجن نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد صرف ٹائٹلز جیتنا نہیں بلکہ ایسے باصلاحیت کرکٹرز تیار کرنا ہے
جو مستقبل میں پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
انہوں نے ٹیم کے تمام ارکان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی لاہور ریجن کی کرکٹ کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔