کرکٹ

لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نے نئے سیزن کا شیڈول جاری کر دیا

لاہور ریجن ایج گروپ ٹرائلز کا شیڈول جاری

نوجوان ٹیلنٹ کی میرٹ پر تلاش، شفاف انتخاب اور دستاویزات کی سخت جانچ ہوگی، خواجہ ندیم احمد

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نے کرکٹ سیزن 2026-27 کے لیے انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 ایج گروپ ٹرائلز کا جامع شیڈول جاری کر دیا ہے۔ صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ لاہور ریجن میں نوجوان کرکٹرز کے انتخاب کا عمل مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور مقررہ انتخابی معیار کے مطابق انجام دیا جائے گا، تاکہ حقیقی اور باصلاحیت ٹیلنٹ کو آگے آنے کا بھرپور موقع مل سکے۔ خواجہ ندیم احمد کے مطابق لاہور ریجن کے پانچ زونز سٹی، کینٹ، ماڈل ٹاؤن، شالیمار اور راوی میں ایج گروپ ٹرائلز 19 سے 21 اکتوبر 2026 تک منعقد ہوں گے۔ 19 اکتوبر کو انڈر 15، 20 اکتوبر کو انڈر 17 جبکہ 21 اکتوبر کو انڈر 19 کے ٹرائلز لیے جائیں گے۔ زون وائز ٹرائلز کے لیے کینٹ زون کا مرکز نیو اتفاق فیصل ٹاؤن، سٹی زون کا اتفاق ایل آر سی کرکٹ گراؤنڈ، ماڈل ٹاؤن زون کا ماڈل ٹاؤن وائٹس کرکٹ گراؤنڈ، راوی زون کا کشمیر کراون گراؤنڈ جبکہ شالیمار زون کا مرکز مغل پورہ گریفن گراؤنڈ مقرر کیا گیا ہے۔ صدر لاہور ریجن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مقرر کردہ عمر اور تاریخِ پیدائش کے معیار کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔ انڈر 15 کے لیے وہ کھلاڑی اہل ہوں گے جن کی تاریخِ پیدائش 1 ستمبر 2011 سے 31 دسمبر 2014 کے درمیان ہو۔ انڈر 17 کے لیے تاریخِ پیدائش 1 ستمبر 2009 سے 31 دسمبر 2013 جبکہ انڈر 19 کے لیے 1 ستمبر 2008 سے 31 دسمبر 2012 کے درمیان ہونا ضروری ہے۔ خواجہ ندیم احمد نے تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹرائلز کے روز مکمل وائٹ کرکٹ کٹ میں اپنے متعلقہ زون کے مقررہ سینٹر پر بروقت پہنچیں۔ کھلاڑیوں کے لیے اصل پیدائشی دستاویزات، ان کی فوٹو کاپیز اور وائٹ کٹ میں دو عدد حالیہ تصاویر ساتھ لانا لازمی ہوگا۔ دستاویزات کی جانچ پڑتال ٹرائلز کے انتظامی عمل کا اہم حصہ ہوگی۔ انہوں نے تمام زونل سلیکشن کمیٹیوں کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی سفارش، دباؤ یا غیر ضروری مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی، صلاحیت اور مقررہ انتخابی معیار کو ہی انتخاب کی بنیاد بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور ریجن کا مقصد ایسے نوجوان کرکٹرز کو سامنے لانا ہے جو مستقبل میں ریجنل اور قومی سطح پر لاہور کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ صدر لاہور ریجن نے تمام زونز کے صدور کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ٹرائل سینٹرز کے لیے ذمہ دار اور باصلاحیت کوآرڈینیٹرز مقرر کریں۔ کوآرڈینیٹرز کھلاڑیوں کے پیدائشی دستاویزات، ضروری کاغذات، رجسٹریشن، دستاویزات کی تصدیق اور دیگر انتظامی امور کی نگرانی کریں گے، تاکہ ٹرائلز کا پورا عمل منظم، شفاف اور بلا تعطل مکمل کیا جا سکے۔ خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نوجوان کرکٹرز کے لیے میرٹ پر مبنی مواقع پیدا کرنے اور مستقبل کے اسٹارز تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایج گروپ ٹرائلز لاہور ریجن کے کرکٹ ٹیلنٹ پول کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہیں اور ان ٹرائلز کے ذریعے سامنے آنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو مستقبل میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ کے لیے تیار کیا جائے گا۔

Related Articles


Back to top button