ریسلینگ

ملتان سپورٹس کمپلیکس میں میٹ ریسلنگ کا میلہ، ملتان ڈسٹرکٹ چیمپئن بن گیا

وزیراعلیٰ پنجاب روایتی کھیلوں کے فروغ اور بحالی کے لیے سرگرم عمل ہیں، رانا اخلاق احمد

میٹ ریسلنگ چیمپئن شپ میں ملتان ڈسٹرکٹ نے پہلی جبکہ لودھراں نے دوسری پوزیشن حاصل کی

ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن یوتھ ایئر 2026ء کے تحت یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مرتب کردہ سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے سلسلے میں ڈویژنل سپورٹس آفس ملتان کے زیر اہتمام انٹر ڈسٹرکٹ میٹ ریسلنگ چیمپئن شپ کے مقابلے سپورٹس کمپلیکس ملتان میں منعقد ہوئے۔ 

چیمپئن شپ میں ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع ملتان، وہاڑی، لودھراں اور خانیوال کے کھلاڑیوں نے مختلف ویٹ کیٹیگریز میں بھرپور شرکت کی۔ مقابلوں میں ملتان ڈسٹرکٹ نے پہلی جبکہ ڈسٹرکٹ لودھراں نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

چیمپئن شپ کے اختتام پر تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانانِ خصوصی ایڈیشنل کمشنر ریونیو ملتان رانا اخلاق احمد اور سابق ممبر قومی اسمبلی طارق رشید تھے۔

اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطا الرحمن خان، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لودھراں ساجد محمود، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خانیوال محمد حفیظ،

 تحصیل سپورٹس آفیسر فاروق لطیف، نور خان قیصرانی اور کوچز ڈاکٹر عدنان مرزا، شاہد لطیف اور ناصر حسین نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں چیمپئن شپ کے انعقاد اور مقابلوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطا الرحمن خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب روایتی کھیلوں کی بحالی اور فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ثقافتی اور روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے مختلف سطحوں پر مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

 میٹ ریسلنگ کے مقابلے پہلے تحصیل سطح پر منعقد کیے گئے جبکہ اب ڈسٹرکٹ سطح پر ان کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ان مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم انٹر ڈویژن سطح پر ملتان ڈویژن کی نمائندگی کرے گی۔

سابق ممبر قومی اسمبلی طارق رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے کا مشن تیزی سے کامیابی کی جانب گامزن ہے۔

 نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدانوں کی طرف راغب کیا جا رہا ہے اور انہیں مثبت و صحت مندانہ سرگرمیوں کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

مہمان خصوصی ایڈیشنل کمشنر ریونیو ملتان رانا اخلاق احمد نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلوں کے میدانوں کی طرف لانا اور انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا کسی جہاد سے کم نہیں۔ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اس حوالے سے اپنا کردار احسن انداز میں ادا کر رہا ہے۔

 حکومت پنجاب کی خواہش ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں کو گراس روٹ لیول سے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر اعلیٰ سطح پر ملک و صوبے کا نام روشن کر سکیں۔ آخر میں کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

Related Articles


Back to top button