کرکٹ

نوجوانوں پر اعتماد، سینئر کا تجربہ - بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف حکمت عملی بتا دی

بابر اعظم: سینئر جونیئر کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے، 

ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا

راولپنڈی(سپورٹس لنک) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں 6 سے 8 نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر آ رہے ہیں اور اچھی فارم میں ہیں۔ نوجوانوں کو موقع دینے کا فیصلہ انگلینڈ میں ہی کر لیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جو ہوا اس پر بات کرنے کے بجائے غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔ پاکستان اس ٹیسٹ چیمپئن شپ سے باہر ہو چکا ہے اس لیے اب اگلی چیمپئن شپ کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔

اپنی کارکردگی پر اعتراف

اپنی کارکردگی سے متعلق بابر اعظم نے اعتراف کیا کہ ان سے توقعات کے مطابق پرفارمنس نہیں آ رہی۔ کوئی کھلاڑی پرفیکٹ نہیں ہوتا، بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے۔ جتنا زیادہ کھیلیں گے اتنا ہی بہتر ہوتے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے، ہر بات بتانا ضروری نہیں۔ میری سوچ ہمیشہ مثبت رہتی ہے اور بطور سینئر کھلاڑی کوشش ہوتی ہے کہ بہترین پرفارمنس دوں۔ محنت اور پریکٹس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

ٹیم سلیکشن پر بابر نے کہا کہ اسکواڈ کا انتخاب کوچ اور سلیکٹرز نے کیا ہے، جہاں ضرورت ہوتی ہے اپنی رائے ضرور دیتا ہوں۔ محمد یوسف پاکستان کے لیجنڈ ہیں، فی الحال رابطہ نہیں ہوا تاہم رابطہ ہوا تو ضرور سیکھوں گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 نومبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

Related Articles


Back to top button