کرکٹ

راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا، سعود شکیل کی دفاعی بیٹنگ نے پاکستان کو بچا لیا

راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا، سعود شکیل کی دفاعی بیٹنگ نے پاکستان کو بچا لیا

راولپنڈی ; پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔ 

میچ کے پانچوں روز خراب موسم اور بارش کے باعث کھیل متاثر رہا، جبکہ آخری روز پاکستان نے دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی۔سعود شکیل مسلسل دوسری اننگز میں سنچری کے قریب پہنچ کر آؤٹ ہوگئے۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں کبھی پاکستانی بیٹنگ کا امتحان ہوا تو کبھی سری لنکن بلے بازوں نے میدان مارا، لیکن سب سے زیادہ چرچا ڈیبیو کرنے والے ثاقب خان کی بولنگ اور سعود شکیل کی مسلسل دوسری نامکمل سنچری کا رہا۔

پانچ روزہ مقابلے میں پاکستان نے 272 رنز کی برتری تو حاصل کرلی، مگر بارش اور خراب موسم کے باعث فتح کسی کے حصے میں نہ آسکی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی۔

قومی ٹیم کی جانب سے سعود شکیل 93 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ طیب عارف نے 57، عرفات منہاس نے 52، محمد طحہٰ نے 51 اور کپتان بابر اعظم نے 50 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد غازی غوری 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جواب میں سری لنکا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 446 رنز بنائے اور پاکستان کے خلاف 12 رنز کی معمولی برتری حاصل کرلی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے دھننجیا ڈی سلوا نے 167 رنز کی بڑی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان کوشل مینڈس 119 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ کامندو مینڈس نے بھی 58 رنز بنائے۔سری لنکا کی اننگز کے دوران پاکستانی ڈیبیوٹینٹ فاسٹ بولر ثاقب خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 130 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد عباس نے 2 جبکہ رضا اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ثاقب خان ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے۔

12 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی پاکستانی ٹیم کو ابتدائی وکٹیں گرنے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم سعود شکیل اور دیگر بیٹرز نے مزاحمت کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔

کپتان بابر اعظم نے 34 رنز بنائے، جبکہ محمد غازی غوری نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ سلمان علی آغا 13، عرفات منہاس 16 اور طیب عارف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد طحہٰ نے 24 اور اذان اویس نے 22 رنز بنائے۔سعود شکیل ایک بار پھر سنچری کے قریب پہنچ کر محروم رہ گئے۔

انہوں نے 210 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 97 رنز بنائے، یوں پہلی اننگز کے 93 رنز کے بعد دوسری اننگز میں بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔پاکستان نے 84 اعشاریہ 5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا کر دوسری اننگز ڈکلیئر کردی، جس کے بعد اسے سری لنکا پر مجموعی طور پر 272 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

تاہم خراب روشنی اور موسم کے باعث مزید کھیل ممکن نہ ہوسکا اور امپائرز نے میچ ڈرا کرنے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ بارش اور خراب موسم کے باعث ٹیسٹ میچ کے پانچوں روز کھیل متاثر رہا اور کسی بھی دن مقررہ 90 اوورز مکمل نہ ہوسکے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں فتح حاصل نہ کرسکیں، اب دونوں ٹیموں کی نظریں 17 نومبر سے شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ پر مرکوز ہوں گی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 27 2026- کے پوائنٹس ٹیبل میں آخری نمبر پر برقرار ہے، جبکہ نیوزی لینڈ بدستور پہلے اور دفاعی چیمپیئن جنوبی افریقا دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے تحت اب تک 10 میچز کھیلے ہیں، جن میں 2 میں کامیابی، 7 میں شکست اور ایک میچ ڈرا ہوا۔ پاکستان کے 11 پوائنٹس ہیں اور جیت کا تناسب 7.50 فیصد ہے۔

سری لنکا کی ٹیم 7 میچز میں ایک کامیابی، 2 شکستوں اور 4 ڈرا میچز کے ساتھ 30 پوائنٹس حاصل کرکے ساتویں نمبر پر ہے، اس کا جیت کا تناسب 33.33 فیصد ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 6 میچز میں 4 فتوحات، ایک شکست اور ایک ڈرا کے ساتھ 52 پوائنٹس اور 72.22 فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، 

جبکہ جنوبی افریقا 7 میچز میں 5 کامیابیوں اور 2 شکستوں کے بعد 60 پوائنٹس اور 71.43 فیصد تناسب کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

آسٹریلیا 13 میچز میں 9 فتوحات اور 4 شکستوں کے ساتھ 108 پوائنٹس لے کر تیسرے، بھارت 11 میچز میں 5 کامیابیوں، 4 شکستوں اور 2 ڈرا کے بعد 68 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

بنگلہ دیش 44 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، انگلینڈ 74 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، سری لنکا ساتویں اور ویسٹ انڈیز 46 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔

Related Articles


Back to top button