پاکستان ہاکی میں بہار، ایران کی مینز اور ویمنز ٹیموں کا دورہ پاکستان متوقع
پاکستان ہاکی میں چاروں اطراف خوشیاں کی خوشیاں، ایران کی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیموں کا دورۂ پاکستان متوقع
اسلام آباد: پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور بین الاقوامی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے ایک کے بعد ایک مثبت پیش رفت سامنے آنے لگی ہے۔
پاکستان ہاکی کے لیے جیسے موسمِ بہار شروع ہوگیا ہے اور کھیلوں کی سفارت کاری (Sports Diplomacy) بھی متحرک دکھائی دے رہی ہے۔
ایران کی مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیموں کی جانب سے مشترکہ تربیتی کیمپ اور پریکٹس میچز کے لیے پاکستان آنے میں دلچسپی کا اظہار بھی اسی سلسلے کی اہم پیش رفت ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایران اپنی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں پاکستان بھیجنے کا خواہش مند ہے، جہاں دونوں ممالک کی ٹیمیں اسلام آباد میں مشترکہ تربیتی سیشنز اور پریکٹس میچز میں حصہ لے سکتی ہیں۔
اگر یہ دورہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کھیلوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
پاکستان ہاکی میں ان مثبت پیش رفتوں کے حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی کوششیں بھی قابلِ ذکر ہیں۔
ان کی قیادت میں غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان مدعو کرنے، قومی ٹیموں کے لیے بین الاقوامی مقابلوں کے مواقع پیدا کرنے، کوچنگ کے معیار کو بہتر بنانے اور ملک میں عالمی ہاکی سرگرمیوں کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل جنوبی کوریا کی ٹیم کے دورۂ پاکستان، چین کی گوانگ ڈونگ ٹیم کی آمد اور دیگر غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ رابطوں کے ذریعے بھی پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوششیں سامنے آ چکی ہیں۔
ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان ہاکی کو دوبارہ عالمی ہاکی کے نقشے پر نمایاں کرنے کے لیے بین الاقوامی روابط کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان ہاکی کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری بھی سامنے آئی کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے پاکستان کو ایف آئی ایچ مینز نیشنز کپ 2026-27 کی میزبانی سونپ دی ہے۔
یہ ایونٹ 19 سے 28 فروری 2027 تک لاہور میں منعقد ہوگا، جس میں پاکستان سمیت 10 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان، مصر، آئرلینڈ، جاپان، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، اسکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا اور امریکہ کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔
یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں 24 سال بعد کسی بڑے ایف آئی ایچ بین الاقوامی ایونٹ کی واپسی کی علامت بھی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے 2004 میں لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی تھی۔
ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران میزبانی کے معاہدے پر دستخط بھی کیے۔
اس موقع پر ایف آئی ایچ کی جانب سے اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کو ہائی پرفارمنس سینٹر کے طور پر ترقی دینے کا اعلان بھی سامنے آیا۔