ٹٰینس

پٹایا آئی ٹی ایف ماسٹرز ٹینس: خرم امتیاز کی شاندار فتح، دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے

پٹایا آئی ٹی ایف ماسٹرز ٹینس: پاکستان کے خرم امتیاز شاندار فتح کے ساتھ دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے

لاہور: پاکستان کے نامور سینئر ٹینس کھلاڑی خرم امتیاز نے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں جاری آئی ٹی ایف ماسٹرز ایم ٹی 700 ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے مینز 55 پلس سنگلز کیٹیگری کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔

افتتاحی راؤنڈ میں خرم امتیاز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے ایشلے پیٹن کو اسٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 1-6 کے واضح اسکور سے شکست دی۔

پورے میچ کے دوران خرم امتیاز مکمل فارم میں دکھائی دیے اور اپنی مضبوط سروسز، طاقتور فورہینڈز اور شاندار بیس لائن کھیل کی بدولت حریف کھلاڑی کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔

دوسری جانب مینز 55 پلس سنگلز کے ایک اور مقابلے میں پاکستان کے فرقان الدین خان بدقسمتی سے کہنی کی پرانی انجری (ٹینس ایلبو) کے دوبارہ ابھر آنے کے باعث پہلے ہی راؤنڈ کے میچ سے دستبردار ہو گئے۔

انہیں گزشتہ ماہ لاہور میں یہ انجری لاحق ہوئی تھی جو میچ سے ایک روز قبل پریکٹس سیشن کے دوران دوبارہ شدت اختیار کر گئی۔

 طبی امداد اور ادویات کے باوجود فرقان الدین نے نیوزی لینڈ کے چھٹے سیڈ کھلاڑی وارن لو گروو کے خلاف مقابلہ جاری رکھنے کی بھرپور کوشش کی، 

تاہم پہلے سیٹ میں 1-1 گیمز کی برابری پر شدید تکلیف کے باعث وہ مزید کھیل جاری نہ رکھ سکے، جس کے نتیجے میں ان کے کیوی حریف کو فاتح قرار دے دیا گیا۔

اس عالمی ایونٹ میں پاکستان کی مہم تاحال جاری ہے، جہاں آئندہ مرحلے میں مینز 70 پلس سنگلز کیٹیگری میں وقار نثار کا مقابلہ جرمنی کے سیکنڈ سیڈ کھلاڑی ٹونی کنگ سے ہوگا، جبکہ مینز 55 پلس سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں خرم امتیاز اٹلی کے البرٹو سینیکولا کے مدمقابل ہوں گے۔

قومی چیمپئن اور سابق ڈیوس کپ کھلاڑی رشید ملک کی قیادت میں شریک پاکستانی دستے نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے فراخدلانہ اسپانسرشپ اور بھرپور تعاون فراہم کرنے پر دی بینک آف پنجاب، لاہور جمخانہ کلب، جے ڈی ڈبلیو گروپ، ریوائیو بائی گیٹوریڈ اور جمال پولیمرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

کھلاڑیوں نے اس امر کا اعتراف کیا کہ ان معزز اداروں کی سرپرستی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت اور عالمی سینئر ٹینس سرکٹ پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

Related Articles


Back to top button