PSL2026
پی ایس ایل 11: جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل پاکستان پہنچ گئے
پی ایس ایل 11: جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل پاکستان پہنچ گئے
پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں شریک نئی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کو آخرکار اس وقت اہم تقویت حاصل ہو گئی جب ٹیم کے مرکزی اور جارح مزاج ہمہ جہت کھلاڑی گلین میکسویل پاکستان پہنچ گئے اور انہوں نے باقاعدہ طور پر اسکواڈ کو جوائن کر لیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کنگزمین کو طویل عرصے سے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے اس اہم کھلاڑی کی آمد کا شدت سے انتظار تھا، جو ٹیم کی حکمتِ عملی اور کارکردگی میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں،ان کی شمولیت کو ٹیم مینجمنٹ نے آئندہ مقابلوں کے لیے ایک فیصلہ کن پیش رفت قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گلین میکسویل آج صبح کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے ٹیم کے ساتھ اپنی دستیابی ظاہر کرتے ہوئے اسکواڈ میں شمولیت اختیار کی۔ ان کی آمد کی باضابطہ تصدیق حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر کی گئی، جس کے بعد شائقین میں بھی خاصی دلچسپی دیکھنے میں آئی۔ ادھر حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم اب تک ایونٹ میں چار میچز کھیل چکی ہے، تاہم ابتدائی مرحلے میں اسے کسی بھی مقابلے میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی اور ٹیم اپنی پہلی فتح کی تلاش میں ہے۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ تجربہ کار کھلاڑی کی شمولیت سے ٹیم کے کھیل میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گلین میکسویل جیسے جارح مزاج اور تجربہ کار کھلاڑی کی آمد نہ صرف بیٹنگ لائن کو مضبوط کرے گی بلکہ مجموعی ٹیم توازن پر بھی مثبت اثر ڈال سکتی ہے، جس کے بعد حیدرآباد کنگزمین کی کارکردگی میں بہتری کے امکانات واضح طور پر بڑھ گئے ہیں۔