پشاور زلمی کا بڑا اعلان! آرون ہارڈی ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے بھی برقرار
پشاور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کی دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے آسٹریلوی آل راؤنڈر آرون ہارڈی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کے طور پر برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
فرنچائز نے ٹائٹل کے کامیاب دفاع کے لیے مضبوط اور مسابقتی اسکواڈ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آرون ہارڈی نے پی ایس ایل 11 میں زلمی کی تاریخی ٹائٹل جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے 6 میچز میں 44.33 کی اوسط اور 149.44 کے اسٹرائیک ریٹ سے 133 رنز بنائے، جبکہ بولنگ میں 7.42 کے اکانومی ریٹ سے 11 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین بولنگ 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں رہی۔
فائنل میں ہارڈی کی کارکردگی فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ انہوں نے پہلے 27 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں اور پھر دباؤ میں 39 گیندوں پر ناقابل شکست 56 رنز بنا کر ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلائی۔عبدالصمد کے ساتھ ان کی شراکت نے ٹرافی ایک بار پھر پشاور کے نام کر دی۔ اس شاندار کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا: "آرون ہارڈی نے ثابت کیا کہ وہ فیصلہ کن لمحات میں زلمی کے لیے کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔ فائنل میں گیند اور بلے سے ان کی کارکردگی ہماری چیمپئن شپ جیت کا یادگار لمحہ تھی۔ ہمیں خوشی ہے کہ وہ پی ایس ایل 12 میں بھی ہمارے ساتھ ہوں گے۔"
آرون ہارڈی کی پیلی جرسی میں واپسی کے ساتھ زلمی کے شائقین ایک بار پھر اس چیمپئن آل راؤنڈر کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔