کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فروخت نہیں ہو رہی، ندیم عمر اور حسن عمر کا دوٹوک اعلان
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فرنچائز کی ممکنہ فروخت سے متعلق قیاس آرائیوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
فرنچائز انتظامیہ نے جمعہ کو ایک سرکاری بیان جاری کیا جس میں سوشل میڈیا اور دیگر جگہوں پر گردش کرنے والے کئی دعووں کو گمراہ کن، غلط فہمی یا مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا۔
یہ وضاحت پی ایس ایل کے 12ویں ایڈیشن سے قبل سامنے آئی ہے، جب رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ندیم عمر 11 سال کی وابستگی کے بعد فرنچائز فروخت کرنے پر غور کر رہے ہیں، اور فرنچائز کی مالیت مبینہ طور پر 3 ارب روپے بتائی گئی تھی۔
تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کہا کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن سے فرنچائز مسلسل منافع بخش رہی ہے اور اپنی پہلی دہائی لیگ کی سب سے زیادہ مالی طور پر کامیاب ٹیموں میں مکمل کی ہے۔
مالکان ندیم عمر اور حسن عمر نے پی ایس ایل پر اعتماد کا اعادہ کیا اور اسے عالمی کرکٹ کا اہم ستون قرار دیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کی ٹیم میں شمولیت کا بھی خیرمقدم کیا اور پی ایس ایل 12 کی افتتاحی تقریب پشاور میں ہونے کو لیگ کی توسیع کی علامت قرار دیا۔
مالکان نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہمارے لیے محض ایک فرنچائز نہیں بلکہ برسوں کی محنت، لگن اور محبت کا نتیجہ ہے۔ مالی دباؤ اور خراب صحت سے متعلق تمام افواہوں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فروخت پر صرف اسی صورت میں غور کریں گے جب ایسی پیشکش موصول ہو جسے مسترد کرنا ممکن نہ ہو۔
آخر میں انہوں نے پی سی بی، پی ایس ایل انتظامیہ، کمرشل پارٹنرز اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہمیشہ محفوظ ہاتھوں میں رہے گی۔