پی ایچ ایف کا بڑا اعلان: نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کراچی میں، اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن شروع
نیشنل ہاکی چیمپئن شپ جنوری 2027 میں کراچی میں ہوگی، عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام جاری
کراچی (سپورٹس لنک) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے زیر اہتمام نیشنل ہاکی چیمپئن شپ جنوری 2027 میں کراچی کے تاریخی عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔
پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق اس میگا ایونٹ میں ملک بھر کی صوبائی ٹیموں کے ساتھ ساتھ مختلف ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں بھی ایکشن میں نظر آئیں گی۔
چیمپئن شپ کی شاندار میزبانی کے پیش نظر عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، تاکہ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور شائقینِ ہاکی کو عالمی معیار کی جدید سہولیات میسر آ سکیں۔
اس سلسلے میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے گزشتہ ماہ اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کر کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ مرمت و اپ گریڈیشن کا عمل مقررہ وقت میں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
پی ایچ ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ روشنیوں کے شہر کراچی میں قومی ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد اور تاریخی اسٹیڈیم کی بحالی سے نہ صرف مقامی سطح پر ہاکی سرگرمیوں کو نئی تقویت ملے گی بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔