کراچی میں نیشنل کراٹے چیمپئن شپ کا آغاز، سندھ، واپڈا، ریلوے اور پولیس کی ٹیمیں شریک
کراچی میں نیشنل کراٹے چیمپئن شپ کا آغاز، سندھ، واپڈا، ریلوے اور پولیس کی ٹیمیں شریک
کراچی ; سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کی میزبانی میں سہ روزہ 18ویں ویمنز اور 32ویں بوائز نیشنل کراٹے چیمپئن شپ 2026 کا شاندار آغاز ہوگیا۔
سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر نے سندھ یوتھ کلب، گلستانِ جوہر کراچی میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کیا،400 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑیوں کی شرکت۔
افتتاحی تقریب میں سابق سیکریٹری اسپورٹس عبدالعلیم لاشاری، ایڈیشنل سیکریٹری کھیل اسد اسحاق، ڈائریکٹر یوتھ سید حبیب اللہ، پاکستان کراٹے فیڈریشن کی سی ای او عندلیب سندھو، سندھ کراٹے ایسوسی ایشن کے چیئرمین نسیم قریشی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
نیشنل کراٹے چیمپئن شپ کی میزبانی سندھ کے لیے اعزاز کی بات ہے، ہم ملک بھر سے آنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں مرد و خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں شرکت خوش آئند ہے، جو پاکستان میں کراٹے کے فروغ کی عکاسی کرتی ہے۔ محکمہ کھیل سندھ کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
منور علی مہیسر نے مزید کہا کہ حکومت سندھ اور وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی خواہش ہے کہ سندھ سمیت ملک بھر کے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں۔ محکمہ کھیل آئندہ بھی مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
ترجمان محکمہ کھیل کے مطابق چیمپئن شپ میں سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ محکمہ جاتی سطح پر پاکستان آرمی، واپڈا، ایچ ای سی، ریلوے اور پولیس کے مرد و خواتین کھلاڑی بھی مقابلوں میں شریک ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں 400 سے زائد بوائز اور گرلز کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ 18ویں ویمنز اور 32ویں بوائز نیشنل کراٹے چیمپئن شپ 2026 کے مقابلے 15 نومبر تک سندھ یوتھ کلب، گلستانِ جوہر کراچی میں جاری رہیں گے، جبکہ افتتاحی روز بھی مختلف کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوئے۔