اسکولوں میں کراٹے کے فروغ کے لیے پی ایم اے اے اور ٹیڈز میں اشتراک؛
2 ہزار سے زائد طلبہ کی تربیت شروع
لاہور: پاکستان مارشل آرٹس ایسوسی ایشن اور دی ٹرسٹ فار ایجوکیشن اینڈ ڈویلپمنٹ فار ڈیزرونگ اسٹوڈنٹس نے گراس روٹ سطح پر کراٹے کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ٹیڈز کیمپسز میں 2,000 سے زائد طلبہ و طالبات نے باقاعدہ تربیت شروع کر دی ہے۔
اس اقدام کا مقصد جسمانی فٹنس کے ساتھ ساتھ عملی سیلف ڈیفنس، نظم و ضبط اور طلبہ کی کردار سازی کرنا ہے، جسے والدین بالخصوص طالبات کے خاندانوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
ٹیڈز کے سی ای او سرمد یوسف نے کہا کہ جدید تعلیم کا تقاضا ہے کہ بچوں کو عملی زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے اور بچیوں کو اپنے تحفظ کے قابل بنانے کے لیے بااختیار بنایا جائے۔
اشتراک کے تحت شہید پائلٹ آفیسر مریم مختیار کی برسی کے موقع پر طالبات اور خواتین اساتذہ کے لیے خصوصی سیلف ڈیفنس ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا گیا، جبکہ 300 سے زائد طلبہ کی ریڈ بیلٹ پروموشن کے پہلے مرحلے کی تقریب بھی ہوئی۔
تقریب میں ٹیڈز کے جنرل سیکرٹری طاہر یوسف، بانی ٹرسٹی سائرہ طاہر اور پرنسپل دی ٹرسٹ اسکول (ATH) عاصم اسحاق نے طلبہ میں بڑھتی ہوئی خود اعتمادی اور پی ایم اے اے کوچز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
پی ایم اے اے کے صدر اور چیف ٹرینر انور محی الدین نے بتایا کہ یہ پروگرام باصلاحیت بچوں کو ضلعی، صوبائی اور قومی مقابلوں کے لیے تیار کرنے کا ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ پی ایم اے اے اور ٹیڈز 2027ء میں چار گنیز ورلڈ ریکارڈز توڑنے کی مشترکہ مہم کا آغاز بھی کریں گے تاکہ پاکستانی طلبہ کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔