کنگ آف دی رِنگ باکسنگ چیمپئن شپ، اسرار خان نے گولڈ میڈل جیت کر کامیابیوں کا سفر شروع کردیا
کنگ آف دی رِنگ باکسنگ چیمپئن شپ، اسرار خان نے گولڈ میڈل جیت کر کامیابیوں کا سفر شروع کردیا،
شاہین باکسنگ اکیڈمی سٹی ٹاؤن پشاور کے 16 سالہ باکسر نے 55 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں چمپئن بن گئے، کوچ رضا خان نے نوجوان کھلاڑی کو مستقبل کا بہترین باکسر قرار دے دیا
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹر) شاہین باکسنگ اکیڈمی سٹی ٹاؤن پشاور کے باصلاحیت نوجوان باکسر اسرار خان نے کنگ آف دی رِنگ باکسنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔
16 سالہ اسرار خان کی یہ کامیابی ان کے باکسنگ کیریئر میں ایک حوصلہ افزا سنگِ میل ہے، جس نے ان کے روشن مستقبل کی امیدیں بھی وابستہ کردی ہیں۔
اسرار خان کو باکسنگ کے میدان میں آگے بڑھنے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے کا بھرپور جذبہ اور صلاحیت حاصل ہے۔
وہ شاہین باکسنگ اکیڈمی سٹی ٹاؤن پشاور میں کوالیفائیڈ کوچ رضا خان کی نگرانی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں، جہاں ان کی تکنیک، جسمانی فٹنس اور کھیل کی مہارتوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
گزشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس کے باکسنگ ارینا میں منعقدہ کنگ آف دی رِنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسرار خان نے کہا کہ باکسنگ ان کا پسندیدہ کھیل ہے،
کیونکہ اس کھیل کے ذریعے نہ صرف جسمانی فٹنس برقرار رکھی جاسکتی ہے بلکہ خود اعتمادی، نظم و ضبط اور حوصلے میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ باکسنگ ہی میں اپنی پہچان بنانا چاہتے ہیں اور مستقبل میں قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کرنا ان کی بڑی خواہش ہے۔
اس موقع پر ان کے کوچ رضا خان نے اسرار خان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسرار ایک باصلاحیت نوجوان باکسر ہیں۔ وہ ایک مکمل باکسر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کے اندر آگے بڑھنے کا جذبہ بھی موجود ہے۔
ان کی کوشش ہے کہ اسرار کی تکنیک، کھیل کی سمجھ بوجھ اور فائٹنگ صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کیا جائے تاکہ وہ مستقبل کے بڑے مقابلوں کے لیے خود کو تیار کرسکیں۔
کوچ رضا خان کا مزید کہنا تھا کہ کنگ آف دی رِنگ چیمپئن شپ میں اسرار خان کا یہ پہلا مقابلہ تھا، جس میں انہوں نے کامیابی حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا عملی ثبوت دیا۔
اگرچہ ان کے مدمقابل باکسر بھی بہترین اور تجربہ کار تھے، تاہم اسرار نے حوصلے، محنت اور بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔
انہیں امید ہے کہ مسلسل محنت اور تربیت کے ذریعے اسرار خان مستقبل میں باکسنگ کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کریں گے۔