کوئٹہ کے ننھے شطرنج اسٹار کو اسلام آباد پولیس کی سرپرستی حاصل ہو گئی
آئی جی اسلام آباد کی 8 سالہ ننھے شطرنج کے کھلاڑی سے ملاقات، مکمل سرپرستی کی یقین دہانی
اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کوئٹہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ سالہ ننھے شطرنج کے باصلاحیت کھلاڑی عبدالرحمٰن سے ملاقات کی اور اس کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے مکمل سرپرستی اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق، بچے کے والد اور بھائی بھی موجود تھے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ننھے اور باصلاحیت بچوں سے ملاقات ان کے لیے باعث مسرت ہے۔ عبدالرحمٰن انتہائی ذہین اور قابل بچہ ہے جو دوسری جماعت کا طالب علم ہونے کے باوجود شطرنج میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ننھے عبدالرحمٰن کو شطرنج کھیلتے اور ماہر کھلاڑیوں کو شکست دیتے ہوئے دیکھا ہے۔
انہوں نے ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق کو بچوں کی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انہیں متعارف کرانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس ننھے کھلاڑی کی حوصلہ افزائی اور معاونت کے لیے ہر ممکن عملی اقدامات کرے گی۔
محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ پاکستان شطرنج فیڈریشن، متعلقہ تنظیموں اور دیگر فورمز پر عبدالرحمٰن کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کوششیں کی جائیں گی جبکہ اسلام آباد پولیس اس کے لیے باقاعدہ کوچنگ، مالی معاونت اور شطرنج کے مقابلوں میں شرکت کے تمام اخراجات بھی برداشت کرے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عبدالرحمٰن مستقبل میں اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ باصلاحیت بچوں کو دفتر مدعو کرنے کا مقصد مستقبل میں ان کی بھرپور سرپرستی، معاونت اور حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے ننھے کھلاڑی کو تحائف اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔ بعد ازاں بچوں نے اسلام آباد پولیس کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا اور پولیس امور کی انجام دہی کا جائزہ بھی لیا۔