ایشز سیریز کے لیے انگلش اسکواڈ کا اعلان، قیادت جو روٹ کرینگے

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی ایشز سیریز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر بھی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

انگلینڈ نے یکم اگست سے شروع ہونے والی ایشز سیریز کے لیے 14رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت جو روٹ کریں گے جبکہ ورلڈ کپ فائنل کے مین آف دی میچ بین اسٹوکس کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔جوفرا آرچر نے اب تک اپنا ٹیسٹ ڈیبیو نہیں کیا اور وہ ممکنہ طور پر 5 میچوں کی ایشز سیریز کے دوران یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔2016 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کے بعد سے کیربیئن نژاد انگلش کھلاڑی آرچر اب تک 28 میچوں میں 131 وکٹیں لے چکے ہیں جس نے ان کی اسکواڈ میں شمولیت کی راہ ہموار کی۔ورلڈ کپ کے دوران آرچر کو انجری کی شکایت رہی لیکن رپورٹس کے مطابق وہ فٹنس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں

اور حال ہی میں ٹی20 میچ میں سرے کی نمائندگی کرتے ہوئے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔آئرلینڈ کے خلاف واحد میچ میں اسٹوکس کے ساتھ ساتھ جوز بٹلر اور تجربہ کار جیمز اینڈرسن کو آرام کا موقع فراہم کیا گیا تھا اور ایشز سیریز کے لیے دونوں کھلاڑیوں کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

آئرلینڈ کے خلاف میچ میں شرکت کرنے والے 11 میں سے 10 کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ ہیں البتہ نائٹ واچ مین کی حیثیت سے 92رنز کی اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے جیک لیچ حیران کن طور پر اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے جبکہ میچ میں صرف چھ رنز بنانے والے رورے برنز سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ اس وقت ایشز کی ٹرافی آسٹریلیا کے پاس ہے لیکن انگلینڈ کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر روایتی حریف سے 2001 کے بعد سے کوئی بھی سیریز نہیں ہاری۔پانچ میچوں کی تاریخی سیریز کے لیے انگلش اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔جو روٹ(کپتان)، جیسن روئے، رورے برنز، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، اولی اسٹون، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچر، اسٹورٹ براڈ، جو ڈینلی اور جونی بیئراسٹو۔

error: Content is protected !!