لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام گوجرہ میں لڑکوں اور لڑکیوں کا سمر ہاکی کیمپ جاری ہے، جمعہ کے روز کوچز نے کھلاڑیوں کو ہاکی کی تکنیکس کے بارے میں لیکچر دیا، گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ میں شریک انڈر 14،16اور 18 کھلاڑیوں کو جسمانی ٹریننگ بھی کرائی گئی
کیمپ میں چیف کوچ خاور جاوید اور ان کی ٹیم کھلاڑیوں کو دو سیشن میں تربیت دے رہے ہیں، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف کوچ خاور جاوید نے کہا ہے کہ سمر ہاکی کیمپ سے گراس روٹ لیول سے نئے کھلاڑی سامنے لانے میں مدد ملے گی، کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، کھلاڑی کوچز کی تربیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے محنت کریں اور اپنے کھیل کو بہتر بنائیں ، ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، کھلاڑی محنت اور لگن سے کھیلتے ہوئے ہاکی کو ایک بار پھر عروج پر پہنچا سکتے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور ہاکی کے فروغ کے لئے بہت کام کررہے ہیں، کھلاڑیوں کے لئے یہ بہترین موقع ہے وہ ہاکی میں اپنا مستقبل بنا سکتے ہیں۔