دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حکومتی مداخلت اور بورڈ کے آزاد و شفاف انتخابات کرانے میں ناکامی پر زمبابوے کرکٹ کو معطل کردیا جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لندن میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں آئی سی سی بورڈ نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ کونسل کا مستقل رکن ملک زمبابوبے، کرکٹ کے معاملات میں حکومتی عدم مداخلت اور بورڈ کے شفاف و آزادانہ انتخابات کو یقینی بنانے میں ناکام رہا جس کی پاداش میں اسے فوری طور پر معطل کردیا جائے۔زمبابوے کرکٹ بورڈ کو جمہوری انداز میں کرکٹ کے معاملات چلانے میں ناکامی پر معطل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی زمبابوے کرکٹ مشکلات سے دوچار رہی ہے۔
فیصلے کے مطابق زمبابوے کو آئی سی سی کی فنڈنگ بند کردی گئی ہے۔زمبابوے کی ٹیم ٹیسٹ اسٹیٹس رکھتی ہے اور اب معطلی کے دوران یہ ٹیم کسی آئی سی سی ایونٹ میں شرکت نہیں کرپائے گی۔ معطلی کے بعد زمبابوے کی اکتوبر میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔آئی سی سی نے زمبابوے کو تین ماہ میں جمہوری انداز میں کرکٹ بورڈ کی بحالی کا حکم دیا ہے۔آئی سی سی نے سالانہ اجلاس میں کرکٹ کے قوانین میں تبدیلی کی بھی منظوری دے دی ہے۔کسی کھلاڑی کے سر پر چوٹ لگنے کی صورت میں ٹیم کو متبادل کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔کھلاڑی کی تبدیلی میچ ریفری کی منظوری سے مشروط ہوگی۔ اس نئے قانون کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا یعنی ایجبیسٹن میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ نئے قانون کے تحت پہلا میچ ہوگا۔قانون میں ایک اور اہم تبدیلی بھی کی گئی ہے اور وہ یہ کہ سلو اوور ریٹ پر اب کپتانوں کو معطل نہیں کیا جا سکے گا البتہ سلو اوور ریٹ کی مرتکب ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں فی اوور دو چیمپئن شپ پوائنٹس سے محروم ہوجائے گی۔لندن میں آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان ںے کی۔