لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے۔آرتھر لاہور آکر اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کریں گے اور کرکٹ کمیٹی کو کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔مکی آرتھر نے اپنی رپورٹ بورڈ کو ای میل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مکی آرتھر پی سی بی کے ساتھ مزید کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر لاہور آرہے ہیں،انہوں نے اپنی رپورٹ پیش نہیں کی ہے وہ خود اپنی کارکردگی پر بریفنگ دیں گے۔امکان ہے کہ اگر ضرورت محسوس کی گئی تو کپتان سرفراز احمد کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے جبکہ سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بھی سلیکشن پر رائے لی جاسکتی ہے۔منیجر طلعت علی ملک نے اپنی رپورٹ پی سی بی کو بھیج دی ہے۔یہ رپورٹ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ انضمام الحق نے استعفا دے دیا ہے جبکہ طلعت علی کو فارغ کئے جانے کا امکان روشن ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان،آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد پیر کو لاہور پہنچ رہے ہیں۔ امکان ہے کہ لاہور میں قیام کے دوران دونوں کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کی تاریخ کو حتمی شکل دیں گے۔پی سی بی کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ 30جولائی کو طلب کرنا چاہتا ہے لیکن کمیٹی کے رکن مصباح الحق اس وقت تعطیلات پر امریکا میں ہیں اس لئے ان سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخ طے کی جائے گی۔ وسیم اکرم کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے میٹنگ میں شریک ہوں گے۔اجلاس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی 3سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور نئی ٹیم انتظامیہ کی تقرری کے بارے میں سفارشات دے گی۔ سفارشات کی روشنی میں مزید فیصلے کئے جائیں گے۔حتمی فیصلوں کا اختیار پی سی بی چیئرمین احسان مانی کی صوابدید پر ہوگا۔