چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوپن ٹینس چیمپئن شپ،عقیل خان نے میدان مار لیا

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) دوسری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوپن ٹینس چیمپئن شپ کا فائنل میچ اور تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد ڈیفنس اتھارٹی کریک کلب میں کیا گیا۔ جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن میچ عقیل خان اور مزمل مرتضٰی کے درمیان کھیلا گیا۔ سنسنی خیز مقابلہ کے بعد عقیل خان دوسری چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوپن ٹینس چیمپئن شپ 2019 کے فاتح قرار پائے۔ مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے مختلف کیٹگریز میں رنر اپ اور اول آنے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے اورانھیں کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ لوگوں میں ٹینس کے حوالے سے دلچسپی پیدا کرنے میںاہم کردار ادا کرے گا۔

انھوں نے ٹورنامنٹ کی اچھی کوریج اور ٹینس کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے پر میڈیا کی کاوشوں کوبھی سراہا۔ جنرل زبیر محمود حیات نے نجی، سرکاری شعبہ جات اور ٹینس کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد پر زور دیا کہ وہ ٹینس کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔

مہمان خصوصی نے پاکستان نیوی ٹینس کے پیٹرن، سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ(ایس ایس سی بی)، پاکستان ٹینس فیڈریشن(پی ٹی ایف)، سندھ ٹینس ایسوسی ایشن(ایس ٹی اے) اور دیگراسپانسرز کو ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ 15سے 21 جولائی تک جاری رہنے والی سات روزہ ٹینس چیمپئن شپ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے ٹینس کے وسیع پیمانے پر فروغ کے لیے منعقد کروایا جانے والا دوسرا کامیاب ٹورنامنٹ تھا جس کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ خواتین، اسپیشل/ ویل چیئر پرسن اور قومی کھلاڑیوں سمیت کُل 220کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔

ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 6 لاکھ روپے تھی۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن، سندھ ٹینس ایسو سی ایشن اور قومی کھلاڑیوں سمیت اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
دیگر کیٹگریز کے فاتح مندرجہ ذیل ہیں:
وھیل چئیر ڈبل محمد عرفان اور محمد ایوب خان
اسپیشل لیڈیز سنگل سعدیہ جنید
اسپیشل مین سنگلز عاصم احمد
انڈر 10 سنگلز ابو بکر طلحہ
انڈر12سنگلز حسنین علی رضوان
انڈر14 سنگلز حامد اسرار
جونئیر انڈر 18 احمد کامل
سینیئر 40 پلس ڈبلز اسد علی اور کلیم غانچی
مین ڈبل عابد علی اکبر اور احمد چوہدری
لیڈیز سنگلز سارہ منصور

تعارف: newseditor