کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)چیف آف دی ائیر اسٹاف انٹرنیشنل اوپن سیلنگ چیمپئین شپ پاکستانی سیلرز نےجیت لی۔پاکستانی سیلرز نے پی اے ایف یاٹ کلب میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر برتری حاصل کرلی۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر خطاب میں ائیر چیف مارشل نے کہا کہ اس چیمپئین شپ کا کامیاب انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فضائیہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اس طرح کے مقابلوں کا بہترین طریقے سے انعقاد کر سکتی ہے۔ائیر چیف نے اس چیمپئن شپ میں شرکت پر بین الاقوامی کھلاڑیوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ ملک میں واٹر اسپورٹس کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
مہمان خصوصی نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے، دوسری سی اے ایس انٹرنیشنل اوپن سیلنگ چیمپئین شپ میں 4 سیلنگ کلاسز (لیزراسٹینڈرڈ، لیزر ریڈئیل، اوپٹیمیسٹ، آرایس ایکس) میں مقابلے ہوئے، جن میں 3 سیلنگ اور ایک ونڈ سرفنگ کیٹیگری شامل ہے۔آر ایس ایکس کیٹیگری میں سونے اور چاندی کے تمغے پاکستانی سیلرز راجہ قاسم عباس اور محمد سجاد نے جبکہ کانسی کا تمغہ تیونس کے مامی سافیون نے حاصل کیا۔ لیزر اسٹیڈرڈ کیٹیگری میں تمام تمغے پاکستانی سیلرز محمد تنویر، مزمل حسین اور نجیب اللہ نے حاصل کئے۔لیزر ریڈئیل کیٹیگری میں سونے کا تمغہ ملائشیا کے خیرونیتا محمد آفندی نے جبکہ چاندی اور کانسی کے تمغے پاکستانی حنا فاطمہ اسد اور مریم اسد علی نے جیتے۔اوپٹیمسٹ کیٹیگری میں سونے اور چاندی کے تمغے تھائی لینڈ کے ماسٹر پنہ بوناک اور مس تھورفن بوناک نے حاصل کئے جبکہ کانسی کا تمغہ پاکستان کے محمد عبداللہ اکرم نے اپنے نام کیا۔یہ چیمپئین شپ 23سے27جولائی تک جاری رہی، جس میں پاکستانی سیلنگ ٹیم سمیت 17مختلف ممالک کے 57سیلرز اور آفیشلز نے شرکت کی۔پی اے ایف یاٹ کلب پاکستان میں سیلنگ کے لئے بہترین مقام ہے اور یہ کلب اس کھیل کو فروغ دینے میں اولین ادارہ ہے، جو کہ پاکستان سیلنگ فیڈریشن کے تعاون سے پاکستان میں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کرواتا رہتا ہے۔