شعیب ملک کے بعد ایک اور پاکستانی کرکٹر بھارتی داماد بننے کو تیار

گوجرانوالہ(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹر حسن علی نے بھارتی دوشیزہ سے شادی کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر حسن علی اور بھارتی لڑکی شامیہ کا رابطہ قریبی دوست کے ذریعے ہوا اور ان کی پہلی ملاقات دبئی میں ہوئی، شامیہ کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے ہے اور وہ ایک نجی ائیرلائن کی ملازمہ ہیں۔ذرائع کا کہناہے کہ حسن علی کے اہلخانہ نے اس بات کی تصدیق کی ہےکہ ان کے اور شامیہ کے اہلخانہ کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ شامیہ نے انگلینڈ میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی، وہ والدین کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں جب کہ ان کی فیملی کے دیگر افراد نئی دلی میں مقیم ہیں۔ذرائع کے مطابق کرکٹر حسن علی کا شامیہ سے نکاح 20 اگست کو ہونے کا امکان ہے جس کے لیے دبئی میں فائیو اسٹار ہوٹل میں بکنگ بھی کرائی گئی ہے۔ذرائع نے مزید بتایاکہ فی الحال حسن علی اور شامیہ کی نکاح کی تقریب ہوگی جس کے بعد رخصتی اور ولیمہ آئندہ سال ہوگا۔واضح رہےکہ اس سے قبل پاکستانی کرکٹرز میں بھارتی لڑکیوں سے شادی کرنے والوں میں شعیب ملک اور محسن حسن خان شامل ہیں۔

تعارف: newseditor