کراچی ککرز اورجافاکو نیشنل چمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ کا ٹکٹ مل گیا

کراچی (ریاض احمد) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام کراچی سینٹر پر جاری 12ویں نیشنل وومین فٹبال چمپئن شپ (کوالیفائر) میں آج کھیلے گئے میچوں میں کراچی ککرز نے سندھ کو 0-10اور جافا وومین ایف سی نے کراچی وومین ایف سی کو 0-2سے شکست دے کر اسلام آباد میں کھیلے جانے والے فائنل راؤنڈ کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔ کراچی یونائیٹڈ پہلے ہی فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے۔کراچی یونائیٹڈ پر کھیلے گئے گروپ ’3‘ میں کراچی ککرز نے دونوں ہاف میں 5,5گول اسکور کرکے سندھ کی ٹیم کو 0-10کی شکست کا داغ لگایا۔

اریبا عزیز ایونٹ میں اپنی دوسری ہیٹرک اسکورکرکے 8گول کے ہمراہ دوبارہ ٹاپ اسکورر بن گئی۔ کراچی یونائیٹڈ کی نینا زہری 7گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئیں۔فاطمہ اور قراۃ العین نے 2,2جبکہ رمشا سمیع اور ملیحہ نے ایک ایک بار درست نشانہ لگایا۔کے پی ٹی گراؤنڈ پر گروپ ’1‘ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جافا کلب نے کراچی وومین ایف سی کو 0-2کی ہزیمت سے دوچار کیا۔

پہلا دورانیہ 0-0کی برابری پر ختم ہوا۔ تاہم اسٹار اسٹرائیکر صنوبر نے 65ویں اور 70ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 2گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو فائنل راؤنڈ میں جگہ دلادی۔ریفریز نصیر الدین، یونس لعل، راشد عبداللہ، زاہد علی، سلیم الدین بابر، ارسلان شریف، عبدالباسط، ریفریز ایسیسر جاوید بنگش جبکہ میچ کمشنر عبدالکریم اور اللہ بخش تھے۔ آج (ہفتہ) کے پی ٹی گراؤؤنڈ پر گروپ ’2‘ میں دیا وومین ایف سی اور فٹبال اسکول آف ایکسی لینس کے مابین مقابلہ ہوگا۔دیا وومین ایف سی کے 3جبکہ ایف ایس ای نے ابھی اپناکھاتہ نہیں کھولا ہے۔

دیا کلب کو فائنل راؤنڈ میں جگہ بنانے کیلئے صرف میچ ڈرا کرنا ہوگا جبکہ ایف ایس ای کو فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے حریف ٹیم کو 0-9سے شکست دینا ہوگی۔گروپ ’3‘ میں کراچی یونائیٹڈ کا سامنا سی ڈی ایس ایس سے ہوگا۔دونوں میچز ساڑھے 3بجے سہہ پہر کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!