ڈی ایم سی ایسٹ کی منی اولمپکس کی یادگار اختتامی تقریب

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)کراچی کی بلدیاتی تاریخ کے پہلے منی اولمپکس کا اختتام ہوگیا جس کے انعقاد پر ڈی ایم سی ایسٹ کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا افتخار سید اسپورٹس اکیڈمی میں منعقدہ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کنونئیر ایم کیوایم پاکستان ووفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، کرکٹ لیجنڈ جاوید میانداد سابق کرکٹر شعیب محمد اولمپئین حنیف خان ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامر خان، کنور نویدجمیل اولمپئین افتخار سید اور چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خالد مقبول صدیقی نے منی اولمپکس کو جاگتا کراچی قرار دیا اور کہا کہ چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اسپورٹس کیلئے نمایاں خدمات سر انجام دینے کی روایت قائم کر دی ہے

منی اولمپکس کے انعقاد سے کراچی اور پاکستان کا سوفٹ امیج دنیا کے سامنے آیا ہے اس قسم کے ایونٹس منعقد ہوتے رہیں تو کراچی کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے میں زبردست مدد ملے گی، سینئیر ڈپٹی کنونئیر ایم کیوایم پاکستان عامر خان، کنور نوید جمیل نے بھی اولمپکس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان صحت مندانہ تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہی ہے چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور کی انتھک محنت سے یہ کامیاب ایونٹ منعقد ہوا جسے ایک عرصے تک یاد رکھا جائے گا اب دیگر ڈی ایم سیز کو بھی اس قسم کے اقدامات کرنے چاہیئں لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے اس موقع پر کہا کہ کراچی نے ہمیشہ اسپورٹس کی معروف شخصیات پیدا کی ہیں جن کا نعم البدل ملنا مشکل ہو رہا ہے منی اولمپکس کا انعقاد کر کے معید انور نے بہت بڑا کام کیا ہے اب سندھ حکومت سے گزارش کرتا ہوں وہ ڈی ایم سی ایسٹ کو سامنے رکھتے ہوئے اسپورٹس کے ایونٹ منعقد کروائے تاکہ نہ صرف کراچی بلکہ سندھ کے میدان آباد ہوں میں ساتھ دینے کو تیار ہوں کراچی سمیت سندھ سے دوبارہ معروف اسپورٹس مین دینے کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد اولمپئینز حنیف خان، افتخار سید نے معید انور کے اقدام کو مشعل راہ قرار دیا

انہوں نے بھی گراؤنڈز آباد کرنے پر زور دیا اس موقع پر جمناسٹک، اور امجد رانا کی جانب سے کلچرل شو پیش کئے جانے کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے تقریب کے آخر میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ اس ایونٹ کو اسپورٹس لورز ودیگر کے تعاون سے کامیاب ترین بناسکے آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھا جائیگا وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے منی اولمپکس کے اختتام کا اعلان کیا جس کے بعد منی اولمپکس کی مشعل بھی بجھا دی گئ بعدازاں منی اولمپک گیمز میں کامیابیاں حاصل کرنے والوں میں مہمانان گرامی نے انعامات واعزازات تقسیم کئے جبکہ چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل، جاوید میانداد کو منی اولمپکس کی شرٹ پیش کیں اختتامی تقریب میں رکن قومی اسمبلی اقبال محمدعلی، کشور زہرہ سابق رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین رکن صوبائ اسمبلی عباس جعفری اراکین رابطہ کمیٹی خالد سلطان،عارف خان ایڈوکیٹ ودیگر نے شرکت کی جبکہ تقریب میں بڑی تعداد میں عوام موجود تھی اختتامی تقریب میں میزبانی کے فرائض معروف اسپورٹس اینکر مرزا اقبال بیگ نے سر انجام دئیے.

error: Content is protected !!