عقیل خان اور احمد چوہدری پانچویں بے نظیر بھٹو شہید نیشنل ٹینس چیمپئن شپ کے مینز سنگلز کے فائنل میں پہنچ گئے

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)عقیل خان اور احمد چوہدری پانچویں بے نظیر بھٹو شہید نیشنل ٹینس چیمپئن شپ کے مینز سنگلز کے فائنل میں پہنچ گئے جبکہ سارہ منصور اور نور ملک نے لیڈیز سنگلز کے فائنل میں جگہ بنالی۔ چیمپیئن شپ کے فائنل مقابلے (آج) اتوار کو اسلام آباد ٹینس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔ گذشتہ روز پہلے سیمی فائنل میںعقیل خان نے ہیرا عاشق کو 0-2 (4-6 اور 2-6) سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی اور دوسرے سیمی فائنل میں احمد چوہدری نے مزمل مرتضی کو 1-2 (1-6، 6-4 اور 5-7) سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے، لیڈیز سنگلز کے کھیلےگئے پہلے سیمی میں سارہ منصور نے ماہین آفتاب کو 0-2( 4-6 اور 4-6) سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں نور ملک نے سارہ محبوب کو 0-2 (1-6 اور 0-6) سے شکست دے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

بوائز انڈر-18 کے مقابلوں میں محمد شعیب نے سبحان بن سالک کو 0-2 ( 0-6 اور 0-6) سے اور حاشیش کمار نے عاقب حیات کو 1-2 (1-6، 6-4 اور 3-6) سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے ۔ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر اور سابق ڈیوس کوچ فضل سبحان نے بتایاکہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ چیمپئن شپ میں 8 کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز اور ڈبلز، لیڈیز سنگلز، بوائز انڈر-18،بوائز انڈر-14، بوائز انڈر-12، بوائز انڈر-10 اور 45 پلس کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں، چیمپین شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

error: Content is protected !!