انڈر21 خیبرپختونخوا گیمز کیلئے تیاریاں آخری مرحلے میں داخل

پشاور(سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام انڈر21 گیمزکیلئے تیاریاں آخری مرحلے میں داخل گیمز کا باقاعدہ افتتاح 8 مارچ سے کیا جائے گا’صوبہ بھر میں کھیلوں کے مقابلے 6مارچ سے شروع ہورہے ہیں’افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کی آمد بھی متوقع ہے ان کھیلوں میں والی بال، ایتھلیٹکس ،رسہ کشی، فٹبال ، کبڈی، بیڈمنٹن شامل ہیں جس میں کل 2940 کھلاڑی صوبے کے مختلف اضلاع سے حصہ لیں گے ۔ انٹر ریجنل مقابلوں میں 23 گیمز شامل ہیں’ پراونشل رائونڈ میں انٹر ریجنل گیمز مقابلے بھی 6 مارچ سے 10 مارچ تک منعقد کئے جائیں گے جس میں خیبرپختونخوا کے سات ڈویژنز کے کھلاڑی حصہ لیں گے ۔

انٹر ریجنل گیمز میں مرد اور خواتین کھلاڑی بیس بال، ہینڈ بال، لان ٹینس ، سکواش ، باکسنگ ، باسکٹ بال ، ہینڈ بال ، تائیکوانڈو، جوڈو، اوشو، ہاکی ، سنوکر ، سائیکلنگ و دیگر مقابلوں میں حصہ لیں گے ۔ انٹر ریجنل گیمز میں کل 1743 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 994 مرد اور 749 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک اور ڈائریکٹر آپریشنز سپورٹس سید ثقلین شاہ نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ریجنل مقابلے پشاور میں منعقد کئے جائیں گے جس کے لئے صوبائی حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ اُنہوںنے کہا کہ صوبائی سطح پر سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد خیبرپختونخوا میں دیر پا امن کا ثبوت ہے اور موجودہ صوبائی حکومت کیلئے فخر کا باعث ہے ۔

دوسرے رائونڈ کا انعقاد 15 اپریل سے 18 اپریل 2020 تک کیا جائے گا۔ مقابلوں میں کل 6825 کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں 3955 مرد کھلاڑی جبکہ 2870 خواتین کھلاڑی شامل ہوں گے ۔ دوسرے رائونڈ کیلئے کھلاڑیوں کا اوپن ٹرائل 2 اپریل سے 10 اپریل تک مکمل کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مقابلے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس، پشاور سپورٹس کمپلیکس ، ارینہ ہال ، ایتھلیٹکس گرائونڈ پشاور یونیورسٹی ، جے کے ڈی یونیورسٹی ٹائون ، گورنمنٹ کالج پشاور ، نادرن بائی پاس پشاور، گرین ہوٹل صدر کینٹ پشاوراور نشتر ہال پشاور میں منعقد ہوں گے ‘انڈر21 گیمز کی افتتاحی تقریب 8 مارچ2020 کو قیوم سٹیڈیم پشاور میں منعقد کی جائے گی جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اسی طرح 10 مارچ2020 کو اختتامی تقریب انعقاد بھی قیوم سٹیڈیم پشاور میں کیا جائے گا۔

error: Content is protected !!