ٹیم میں ناتجربہ کار باؤلرز موجود ہیں مگر ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے، وقار یونس

مانچسٹر: پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم میں کم تجربے والے باؤلرز شامل ہیں مگر جیسے جیسے وہ کھیلیں گے ویسے بہتری آتی جائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس فی الحال یہی آپشنز ہیں اور اِن ہی کے ساتھ ہم نے میچز کھیلنے ہیں، پہلے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا اور چوتھے روز کی لنچ بریک تک میچ ہمارے ہاتھ میں تھا مگر پھر پانسہ پلٹ گیا اور میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔

اظہر علی کی کپتانی کی حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ کپتانی کا پریشر بالکل ہوتا ہے مگر اظہر ایک اچھا کھلاڑی ہے اور اسی ٹیسٹ میچز کھیل چکا اُسے پتا ہے کہ کیا کرنا ہے مگر اچھی پرفارمنس نہ سامنے آنے کے باعث یہ سوال اُٹھ رہے ہیں، اُمید ہے کہ وہ آنے والے میچز میں اچھا پرفارم کریں گے۔

فواد عالم کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے اُنہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا تاہم اُن کا کہنا تھا کہ اگر فواد کو شامل کیا گیا تو اُنہیں اُمید ہے کہ وہ اچھا کھیلیں گے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے

اُن کا مذید کہنا تھا کہ ہمارے باؤلرز نے اچھی باؤلنگ کی مگر بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے، ٹیم کے پاس تجربہ کار مینجمنٹ موجود ہے جو اُنہیں اچھی ٹریننگ تو دے سکتی ہیں تاہم ڈلیور کھلاڑیوں نے ہی کرنا ہوتا ہے۔

error: Content is protected !!