ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن بلیوز نے بلوچستان بلیوز کو 74 رنز سے ہرادیا۔ 184 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 109 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد نبیل اور حسن خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ناردرن کی پوری ٹیم 183 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔علی مہدی 35 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ محمد عادل اور محمد اسفند نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اسپورٹس گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا بلیوز نے سینٹرل پنجاب بلیوز کو 41 رنز سے شکست دے دی۔ 216 رنز کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 174 رنز پر ہمت ہارگئی۔ سبحان سعید 45 رنز بناکر نمایاں رہے۔ عثمان خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل شاہ زیب خان اور عثمان خان کی نصف سنچریوں کی مدد سے 45 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے تھے۔ شاہ زیب خان نے 58 اور عثمان خان نے 53 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ علی حمزہ نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
زواری کرکٹ گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب بلیوز نے سندھ بلیوز کو دو وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے 133 رنز کا ہدف 37.3 اوورز میں قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر سمیر احمد منہاس نے 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نور حبیب نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سندھ نے اوپنر یحییٰ شاہ کی 46 رنز کی اننگز کی مدد سے 132 رنز بنائے تھے۔ سلمان احمد نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔