نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ کے گروپ بی کا چوتھا راؤنڈ مکمل

زواری کرکٹ گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب بلیوز نےمحمد عثمان کی آلراؤنڈ کارکردگی کی بدولت بلوچستان بلیوز کو 92 رنز سے شکست دے دی۔ سینٹرل پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.3 اوورز میں 221 رنز بنائے۔ محمد عثمان 52 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 129 رنز پر ہمت ہارگئی۔ محمد عثمان نے 18 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عبدالصبور نے 35 رنز اسکور کیے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب بلیوز نے خیبرپختونخوا بلیوز کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے اوپنرز عدیل مشتاق کے 60 اور سمیر منہاس کے ناٹ آؤٹ 56 رنز کی بدولت 156 رنز کا ہدف 23.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس سے قبل کے پی کی پوری ٹیم 44.1اوورز میں 155 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔زین ارشد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ یوسف شاہ 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسپورٹس گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن بلیوز نے سندھ بلیوز کو 7وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 162 رنز کا ہدف 31.3اوورز میں حاصل کرلیا۔ محمد ارشد ناقابل شکست 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس سے قبل سندھ نے مقررہ 45 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائےتھے۔ سیف اللہ اور یحییٰ شاہ 45 ، 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

error: Content is protected !!