خواتین گیمز کے سلسلے میں ریجنل سپورٹس آفیسر عزیز اﷲ جان کے زیرصدارت اجلاس

پشاور(سپورٹس رپورٹر)ریجنل سپورٹس آفس پشاور میں گزشتہ روز اہم اجلاس زیر صدارت ریجنل سپورٹس آفیسر عزیز اللہ جان منعقد ہوا ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جمشید بلوچ ‘ڈائریکٹر سپورٹس گورنمنٹ کالج پشاور ارشد حسین’ممتاز سپورٹس آرگنائزر و سابق ڈائریکٹر سپورٹس مس رحم بی بی ‘ڈائریکٹر سپورٹس مس نجمہ قاضی’مس فریحہ ‘مس ربعہ گل ‘مس سعدیہ گل ‘بی بی عظمیٰ’افشین ‘ہما طارق’شازیہ اسلم ‘سفینہ ‘ثریا ممتاز سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل سپورٹس آفیسر عزیز اللہ جان نے کہا کہ اجلاس کے انعقاد کا مقصد انڈر21 گیمز اور بنت حواء سپورٹس فیسٹیول کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بہترین ٹیموں کی تشکیل ہے اور امید ہے کہ انڈر21 گیمز خواتین کے مقابلوں میں پشاور کی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی جبکہ بنت حواء سپورٹس فیسٹیول بھی پشاور کی خواتین کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم کرنا ہیں اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جمشید بلوچ نے کہا کہ پشاور میں کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے مربوط پالیسی لائیں گے پشاور کو رول ماڈل بنائیں گے’انڈر21 گیمز میں صرف وہ کھلاڑی شرکت کرسکیں گی جن کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 2000 یا اس کے بعد کی ہوگی’ انہوں نے کہا کہ انڈر21 گیمز کے لئے مختلف کالجز کی ڈائریکٹر سپورٹس کو ذمہ داریاں تفویض کی جا رہی ہیں امید ہے کہ وہ کے پی کی بہترین ٹیمیں تشکیل دیں گی مس رحم بی بی ٹیبل ٹینس ‘مس نجمہ قاضی نیٹ بال ‘مس سعدیہ گل اور بی بی عظمیٰ رسہ کشی’مس افشین اور ہما طارق ایتھلیٹکس’شازیہ اسلم بیڈمنٹن ‘سلمیٰ فیض اور مس سفینہ کرکٹ کی انچارج ہوں گی

ڈی ایس او پشاور جمشید بلوچ نے کہا کہ بنت حواء سپورٹس فیسٹیول اور بنت حواء سپورٹس ایوارڈز بھی منعقد کئے جارہے ہیں جس میں پشاور کی بہترین کھلاڑیوں اور سپورٹس آرگنائزرز کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا جس کے لئے پہلے ہی سے تمام گرلز کھلاڑیوں اور سپورٹس آرگنائزرز سے ان کی کارکردگی کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں جو جلد از جلد ڈی ایس او آفس طہماس سٹیڈیم پشاور میں جمع کرائی جائیں گی ایوارڈز کے لئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کے سربراہ ریجنل سپورٹس آفیسر عزیز اللہ جان ہوں گے جو جانچ پڑتال کے بعد ایوارڈز کے حقداروں کا تعین کریں گے جبکہ بنت حواء سپورٹس فیسٹیول بھی جلد ہی منعقد کیا جائے گا جس میں پشاور ڈسٹرکٹس کی کھلاڑیوں سمیت دیگر ڈسٹرکٹس کی کھلاڑی بھی شرکت کرنا چاہیں تو انہیں بھرپور موقع دیا جائے گا بنت حواء سپورٹس فیسٹیول میں رسہ کشی ‘نیٹ بال ‘والی بال ‘ہینڈ بال ‘ٹیبل ٹینس ‘تھرو بال اور بیڈمنٹن کے مقابلے ہوں گے ۔

تعارف: newseditor