پاکستان ٹین پن باﺅلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان اور سیکرٹری جنرل محمد حسین چٹھہ نے میاں محمد شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم پاکستان ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔ اعجاز الرحمن نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس کو سپورٹس سٹی کا درجہ دے اس سے کھیلوں کے ساتھ ساتھ اور سیا حت کو فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سپورٹس سٹی کی ترقی کے لئے پاکستان ٹین پن باﺅلنگ اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اعجاز الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹین پن باﺅلنگ فیڈریشن کو سپورٹ کرے تو انٹرنیشنل ٹین پن باﺅلنگ چیمپئین شپ پاکستان میں منعقد کروائی جا سکتی ہے اور اس ایونٹ میں 130 سے زائدممالک حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں پاکستان ٹین پن باﺅلنگ فیڈریشن کے پاس اپنا کھیلنے کے لئے کوئی کورٹ موجود نہیں ہے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی حکومت کے دور میں پاکستان ٹین پن باﺅلنگ فیڈریشن کو اپنی مدد آپ کے تحت کھیلنے کے لئے کورٹ بنانے کے لئے زمین الاٹ کی تھی جس میں کھلاڑیوں کے لئے انٹرنیشنل سہولیات موجود ہونا تھی۔ لیکن بدقسمتی سے اس جگہ قبضہ نہیں دیاجا سکا۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ پاکستان ٹین پن باﺅلنگ فیڈریشن کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں ٹین پن کورٹ بنانے کے لئے جگہ کا قبضہ دیا جائے تاکہ کورٹ اپنی مدد آپ کے تحت جلد از جلد تعمیر کا کام شروع کیا جا سکے جس سے ملک میں ٹین پن باﺅلنگ کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔