انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر عادل رشید بھارت کیخلاف وائٹ بال سیریز اور اپنی کائونٹی یورکشائر کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے بقیہ میچوں کیلئے دستیاب نہیں ہونگے، مسلمان کھلاڑی عادل رشید رواں سال حج کی ادائیگی کیلئے مکہ روانہ ہو رہے ہیں جس کے لئے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے انہیں چھٹی دیدی ہے ، عادل رشید جو آج مکہ کیلئے روانہ ہونگے کی واپسی جولائی کے وسط میں متوقع ہے جولائی میں ہی انگلینڈ کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف وائٹ بال سیریز کھیلنی ہے ، اس حوالے سے عادل رشید کا کہنا ہے کہ میں ایک طویل عرصے سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سوچ رہا تھا لیکن بین الاقوامی کرکٹ کے شیڈول اور دیگر مصروفیات کی وجہ سے وقت نہیں نکال پا رہا تھا تاہم اس سال میں نے پکا ارادہ کیا ہوا تھا اور اللہ تعالیٰ کی مدد سے اب میں حج کیلئے روانہ ہو رہا ہوں، یہ میرے لئے سب سے اہم لمحہ ہے کہ میں اللہ کے گھر حاضری دوں گا اللہ پاک میری اور تمام مسلمان جو فریضہ حج کیلئے جا رہے ہیں کی حاضری کو قبول فرمائے۔