پشاور(سپورٹس رپورٹر)پہلی افتخار احمد جونیئر کے پی ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی انڈر 12 میں شایان آفریدی ، انڈر16 میں شاہ سوار، انڈر8 فائنل میں فیضان شاہد نے کامیابی حاصل کرلی ، مہمان خصوصی سا بق ٹینس کھلاڑی و کوچ افتخار احمد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر، سیکرٹری عمرآیاز خلیل ، کوچ ذاکر اﷲ ، نعمان ، شہریارسمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں منعقدہ پہلی افتخار احمد جونیئر ٹینس چیمپئن شپ میں انڈر 8 میں فیضان شاہد نے سالار خان کو 6-1 اور 6-3 سے، انڈر 12 میں شایان آفریدی نے احمد خان کو 6-2 اور 6-4 سے، انڈر 16 میں شاہ سوار خان نے طلحہ خان کو 6-1 اور 6-2 سے ہرایا
سیکرٹری عمرایاز خلیل نے مقابلوں کے انعقاد پر سابق ٹینس پلیئر و کوچ افتخار احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹینس کے لئے سپانسرز کو آگے آنا ہوگا آج کل کے دور میں کھلاڑیوں کو مشکلات کاسامنا ہے ایسے میں اس قسم کے مقابلوں سے ان کے حوصلے بڑھیں گے انہوں نے کہا کہ جلد ہی پشاور میں قومی مقابلوں کاانعقاد بھی کیا جائے گا جس کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی پشاور میں قومی مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس سے کھیل کے فروغ میں بھرپور مدد ملے گی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی افتخار احمد نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں کھلاڑیوں میں بہت ٹیلنٹ ہے یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر کھلاڑی پاکستان کی جونیئر ٹاپ رینکنگ میں شامل ہیں’ سینئر کھلاڑیوں میں بھی اچھے کھلاڑی ہیں جو آگے جاسکتے ہیں خیبرپختونخوا کے زیادہ تر ٹینس کھلاڑیوں کا انٹرنیشنل لیول کا تجربہ بھی ہے کیونکہ انہوں نے بیشتر ممالک کا دورہ کیا اور وہاں ملک و قوم کے لئے بہترین کارکردگی دکھائی اگر انہیں اسی طرح مواقع ملتے رہیں تو وہ انٹرنیشنل لیول پرسبز ہلالی پرچم لہرائیں گے۔