پاکستان کے طیب اکرام انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر منتخب

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے 48ویں کانگریس اجلاس میں ہونے والے انتخابات میں طیب اکرام کو ایف آئی ایچ کا صدر منتخب کرلیا گیا۔ انتخابات مین دنیا بھر سے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے ملحقہ نیشنل فیڈریشنز نے حصہ لیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے اجلاس میں پاکستان کی نمائیندگی کی۔ اجلاس میں صدر کے انتخاب میں سی ای او ایشین ہاکی فیڈریشن طیب اکرام نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی اور اپنے مدمقابل امیدوار کو 47 کے مقابلہ میں 79 ووٹوں سے شکست دیکر صدر ایف آئی ایچ کا انتخاب جیتا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ر خالد سجاد کوکھر اور سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے طیب اکرام کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے اور مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔

یاد رہے کہ ایف آئی ایچ کے نومنتخب صدر محمد طیب اکرام ہاکی کے انتظامی امور کے حوالہ سے ایک بہترین اور مضبوط پورٹ فولیو رکھتے ہیں۔ جس میں ایشین ہاکی فیڈریشن کے سی ای او، ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹو بورڈ ممبر، ایف آئی ایچ فاؤنڈیشن کے خزانچی، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کمیشن کے ممبر، اولمپک کونسل آف ایشیا کی وائس چیئر ایتھلیٹس کمیٹی کے علاوہ بین الاقوامی کھیلوں کے اداروں میں مختلف دیگر عہدے شامل ہیں۔

error: Content is protected !!