راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے میچ میں کیوی بیٹر ڈیرل مچل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 113 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 289 رنز کا ہدف دیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر کیوی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے وِل ینگ اور چاڈ بائوس میدان میں اترے۔ وِل ینگ نے شاندار بیٹنگ کی اور 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 86 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ تاہم چاڈ بائوس صرف 18 رنز ہی بنا سکے۔
نیوزی لینڈ ٹیم کی اننگز کی خاص بات ڈیرل مچل کی ذمہ دارانہ بلے بازی تھی۔ انہوں نے وکٹ پر کھڑے رہ کر ناصرف اپنی سنچری اسکور کی بلکہ ٹیم کے رنز کو بھی آگے بڑھایا۔ مچل نے 115 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 113 رنز بنائے۔
دیگر بلے بازوں میں کپتان ٹام لیتھم اور ہنری نکولس 20، 20 جبکہ مارک چیمپن 15 اور رویندرا صرف 9 رنز بنا سکے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رئوف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو پویلین واپس بھجوایا۔