قائداعظم ٹرافی ; زین عباس اور علی زریاب کی ڈبل سنچریاں.

 

قائداعظم ٹرافی: زین عباس اور علی زریاب کی ڈبل سنچریاں

فرسٹ کلاس ڈیبیو پر محمد فیضان کی 5 وکٹیں

 

قائداعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ میں راولپنڈی کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد فیضان نے اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز پانچ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی سے کیا۔

راولپنڈی نے پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس جیت کر فیصل آباد کو بیٹنگ دی جو اپنی پہلی اننگز میں 112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔علی وقاص 26 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
محمد فیضان نے اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو پر صرف 35 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔
کھیل کے اختتام پر راولپنڈی نے اپنی پہلی اننگز میں 77 رنز بنائے تھے اور اس کے 4کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ذیشان ملک 9 چوکوں کی مدد سے60 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی وائٹس نے ٹاس جیت کر لاہور وائٹس کو بیٹنگ دی جس نے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر 345 رنز بنائے تھے اور اس کی 3 وکٹیں گری تھیں۔لاہور وائٹس کی اننگز کی خاص بات علی زریاب کی شاندار ڈبل سنچری تھی ۔ وہ پچیس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 204 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔
علی زریاب نے احمد شہزاد کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 153 رنز کا اضافہ کیا۔احمد شہزاد 65 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

 

ایبٹ آباد میں لاہور بلوز نے ٹاس جیت کر پشاور کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 334 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
حسین طلعت 87 اور جنید علی 82 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں138 رنز کا اضافہ کیا۔
کاشف بھٹی نے 69 رنز اسکور کیے۔ محمد الیاس اور نیاز خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

 

شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں فاٹا نے ٹاس جیت کر ملتان کو بیٹنگ دی جس نے کھیل ختم ہونے پر405 رنز بنائے تھے اور اس کی صرف دو وکٹیں گری تھیں۔

زین عباس نے اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے 219 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں تیس چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔محمدباسط نے بھی سنچری اسکور کی وہ کھیل کے اختتام پر 142 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔یہ دونوں تیسری وکٹ کی شراکت میں 312 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔

 

 

تعارف: News Editor