ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے نیدرلینڈز کو 99 رنز سے شکست دیدی

 

 

 

ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے نیدرلینڈز کو 99 رنز سے شکست دیدی
……اصغرعلی مبارک……..

ورلڈ کپ 2023 کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے نیدرلینڈز کو 99 رنز سے شکست دے دی۔ حیدر آباد دکن میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم 323 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 223 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کولن ایکرمن کے 69 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت نیدرلینڈز کی ٹیم 46 اعشاریہ 3 اوورز میں 223 رنز ہی بناسکی۔

نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 30 اور سائبرینڈ نے 29 رنز اسکور کیے۔ نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر نے 5، میٹ ہنری نے 3 جبکہ رویندرا نے 1وکٹ حاصل کی۔

مچل سینٹنر کو میچ میں شاندار آل راونڈ کارکردگی دکھانے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس سے قبل نیدرلینڈز نے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 322 رنز بنائے اور نیدرلینڈز کے خلاف 323 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے اوپنر ڈیون کانوے 32، ول ینگ 70، رچن رویندرا 51، ٹام لیتھم 53 اور ڈیرل مچل 48 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے گیلن فلپ 4 اور مارک چیمپ مین 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ مچل سینٹر 36 اور میٹ ہنری 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

نیدرلینڈز کے آریان دت، وین میکیرن اور وین ڈرمروے نے 2، 2 جبکہ باسڈی لیڈا نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔ نیوزی لینڈ نے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو 9 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ پاکستان نے نیدرلینڈز کو 81 رنز سے مات دی تھی۔

 

یہ یاد رکھیں کہ ورلڈ کپ 2023ء میں ٹیم پاکستان اپنا دوسرا میچ آج سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان اور سری لنکا 8 بار آمنے سامنے آئے، ایک بار 2019ء میں میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا۔

پاکستان نے 1975 سے 2011 ء کے دوران سری لنکا کو 7 مقابلوں میں شکست سے دوچار کیا۔ پاکستان نے 1975ء کے میچ میں سری لنکا کو 192 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے 1983 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کو دو بار شکست سے دوچار کیا، پہلی بار 50 اور دوسری دفعہ 11 رنز سے شکست دی۔

1987 کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز کھیلے گئے، پہلے میں پاکستان نے 15 اور دوسرے میں 113 رنز سے فتح اپنے نام کی۔ پاکستان کا 1992ء کے ورلڈ کپ میں سری لنکا سے صرف ایک ٹاکرا ہوا،

جس میں پاکستان 4 وکٹ سے فتحیاب ٹھہرا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1996، 1999، 2003 اور 2007ء کے ورلڈ کپ میں کوئی مقابلہ نہیں ہوا۔ دونوں ٹیمیں آخری بار 2011ء کے ورلڈکپ میں مدمقابل آئیں،

جس میں پاکستان نے سری لنکا کو 11 رنز سے مات دے کر ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان حیدر آباد دکن اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کا 8واں میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

پاکستان ٹیم نے دوسرے میچ کی تیاری کےلیے حیدر آباد کے جم خانہ گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کیا، جس میں 9 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

ٹریننگ سیشن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث روف، سعود شکیل، محمد حارث، زمان خان اور ابرار احمد شامل تھے۔

دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں یہ دوسرا میچ ہوگا، پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دی تھی جبکہ سری لنکا کو جنوبی افریقا نے 102 رنز سے ہرایا تھا۔

 

 

 

 

error: Content is protected !!