بنگلہ دیش کے دورے کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا اعلان

 

 

بنگلہ دیش کے دورے کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا اعلان

• ندا ڈار قیادت کریں گی۔ دورے میں چھ میچز ہونگے

لاہور 12 اکتوبر، 2023:

 

 

ندا ڈار کی قیادت میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جو اس ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر نے کیا۔

 

پاکستانی ٹیم بیس اکتوبر کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی جس میں وہ محدود اوورز کے چھ میچ کھیلے گی جن میں آئی سی سی چیمپئن شپ کے تین ون ڈے انٹرنیشنل بھی شامل ہیں۔

ان میچوں کے شیڈول کا اعلان بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بعد میں کرے گا۔

ٹیم میں تجربہ کار ارم جاوید کی ایک سال بعد واپسی ہوئی ہے۔ وہ آخری مرتبہ گزشتہ سال برمنگھم کے کامن ویلتھ گیمز میں کھیلی تھیں اس کے علاوہ انہوں نے اس سال راولپنڈی میں خواتین کے نمائشی میچوں میں سپر ویمن کی نمائندگی کی تھی۔

شوال ذوالفقار اور سیدہ عروب شاہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے البتہ وہ مرید کے میں ہونے والے ایمرجنگ کیمپ کی اٹھائیس کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ایمرجنگ ٹیم اس ماہ ویسٹ انڈیز اورتھائی لینڈ کی ایمرجنگ ٹیموں کے خلاف ہوم سیریز اور ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کھیلے گی۔

فاطمہ ثنا ابھی تک مکمل فٹ نہیں ہوسکی ہیں وہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں انجرڈ ہوگئی تھیں۔

چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے دورے کے لیے بیٹنگ اور بولنگ میں توازن کو پیش نظر رکھتے ہوئے ٹیم سلیکٹ کی ہے یہ ٹیم بنگلہ دیش میں چیلنج کا سامنا کرنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان شوال ذوالفقار کو انٹرنیشنل کرکٹ دوبارہ کھیلنے کے لیے مزید پختگی کی ضرورت ہے۔ ارم جاوید کی واپسی سے بیٹنگ مضبوط ہوگی جبکہ فاطمہ ثنا کو مکمل فٹ ہونے کے لیے ابھی کچھ وقت درکار ہے تاکہ وہ نیوزی لینڈ کے دورے تک فٹ ہوسکیں جہاں وہ زیادہ کارآمد ثابت ہونگی۔

پاکستانی ویمنز ٹیم چودہ اکتوبر سے غنی انسٹی ٹیوٹ لاہور میں چھ روزہ کیمپ میں حصہ لے گی اور پھر بیس اکتوبر کو براستہ دبئی بنگلہ دیش روانہ ہوگی ۔

 

پاکستان ویمنز ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض۔ بسمہ معروف۔ ڈیانا بیگ ۔ غلام فاطمہ ۔ ارم جاوید۔ منیبہ علی ( وکٹ کیپر ) نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ سعدیہ اقبال۔ سدرہ امین ۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر۔
نان ٹریولنگ ریزرو۔ امبر کائنات۔ عمیمہ سہیل۔ اور سدرہ نواز ( وکٹ کیپر ) ۔

 

پلیئر سپورٹ اسٹاف۔

ناہیدہ خان ( منیجر ) محتشم رشید ( عبوری ہیڈ کوچ ) سلیم جعفر ( بولنگ کوچ ) توفیق عمر ( بیٹنگ کوچ ) عبدالرحمن ( اسپن بولنگ کوچ صرف کیمپ کے لیے ) محمد اسفندیار ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ) سید نذیر احمد ( میڈیا منیجر ) رفعت اصغرگل ( فزیو تھراپسٹ )اور زبیر احمد ( انالسٹ ) ۔

 

 

 

error: Content is protected !!