این بی پی48ویں نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ آج(پیر) سے نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر ایرینا میں شروع ہو رہی ہے،قومی اسنوکر چیمپئن سلطان محمد اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔
23جنوری تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ کی انعامی رقم اس سال پانچ لاکھ 25 ہزار روپے رکھی گئی ہے،نیشنل چیمپئن شپ کے فاتح کیوئسٹ کو دو لاکھ اور رنر اپ کو ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی،
سیمی فائنلسٹ کو50ہزار،کوارٹر فائنلسٹ کو25ہزار اور چیمپئن شپ میں بڑا بریک کھیلنے والے کیوسٹ کو25ہزار روپے دئیے جائیں گے،اسی طرح147کے بریک پر50ہزار اور ہر سنچری بریک پر بھی انعامی رقم دی جائے گی۔
نیشنل چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 37کیوئسٹ شرکت کر رہے ہیں جن کو آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔سابق ورلڈ چیمپئن محمد آصف کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے جبکہ کراچی کے گیارہ سالہ محمد ساحل بھی نیشنل چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے،
یہ ان کی پہلی نیشنل چیمپئن شپ ہوگی، اس طرح وہ پاکستان میں اسنوکر کی نیشنل چیمپئن شپ کھیلنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کریں گے ۔ہر گروپ سے دو ٹاپ کیوئسٹ پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گے۔
گزشتہ سال نیشنل چیمپئن شپ کے فاتح سلطان محمد اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔لیگ میچ بیسٹ آف سیون کے راؤنڈز پر مشتمل ہونگے.