خُبیب خلیل کا ضلع کرک سے انڈر 19 ورلڈ کپ کا تک سفر

خُبیب خلیل کا ضلع کرک سے انڈر 19 ورلڈ کپ کا تک سفر

لاہور 18 جنوری، 2024:ء

بولنگ آل راؤنڈر ُخبیب خلیل کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک سے ہے اور انہوں نے مختلف رکاوٹوں پر قابو پاتے ہوئے اپنا کریئر بنایا ہے اور اب ان کا مقصد پاکستان انڈر 19 ٹیم کو جنوبی افریقہ میں انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

خبیب نے اے سی سی ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی طرف سے افغانستان انڈر 19 کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلا جس میں متاثرکن اسپیل کرتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کیں۔

خُبیب کے والد مالی مشکلات کی وجہ سے انہیں کرکٹ کی مناسب سہولتیں فراہم نہ کر سکے تاہم ان کے پہلے کوچ مطیع اللہ کو ان میں مستقبل کا اسٹار نظر آیا اور انہیں اپنے آبائی شہر سے تقریباً 70 کلومیٹر دور کوہاٹ میں اسلامیہ کرکٹ اکیڈمی میں داخلہ دلانے میں مدد کی۔

اکیڈمی میں ُخبیب کو ہر دوسرے دن اکیڈمی کا سامان استعمال کرنے اور ٹریننگ کرنے کی اجازت ملی جس کے نتیجے میں انہیں پی سی بی انڈر 13 انٹر ریجنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2017 اور 2018 میں فاٹا ریجن انڈر 13 کی طرف سے کھیلنے کا موقع مل گیا۔

خُبیب نے پی سی بی ڈیجیٹل کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا میں نے بہت مشکل حالات میں کرکٹ کھیلی ہے۔ مجھے اپنی ظروریات پوری کرنے کے لیےسخت کام کرنا پڑے جن میں مزدوری بھی شامل ہے۔ میرے والد مالی مسائل سے دوچار تھے۔ مجھے قومی انڈر 19 مقابلوں میں کھیلنے کے بعد پی سی بی سے کچھ رقم ملی جس سے مجھے کئی مسائل حل کرنے میں مدد ملی۔ یہی وہ پہلا موقع تھا جب میں نے اپنا کٹ بیگ خریدا تھا جبکہ اس سے پہلے میں مطیع اللہ کا سامان استعمال کر رہا تھا۔

خُبیب نے جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین سے متاثر ہو کر تیز بولنگ شروع کی۔ ان کا بولنگ ایکشن بہت سموتھ ہے جس کی مدد سے وہ اچھی لائن اور لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے بیٹرز کو پریشان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

خُبیب نے بیٹنگ میں بھی اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔ ان کے پاس دفاع اور پاور ہٹنگ کی مہارت موجود ہے۔ نیٹ سیشنز میں کوچز کو ان میں لوئر آرڈر بیٹر کی حیثیت سے اعتماد کی جھلک نظر آئی ہے۔

خبیب نے کہا کہ مجھے حالیہ انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر خوشی ہے جس سے مجھے ایکسپوژر ملا۔ میں نے ڈومیسٹک انڈر 19 مقابلوں میں بیٹ اور گیند دونوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس سے مجھے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کا اعتماد ملا ہے۔

ہمارے پاس ایک بہت اچھا اسکواڈ ہے جس کی رہنمائی محمد یوسف سمیت بہترین کوچز نے کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہر کریں گے۔

 

error: Content is protected !!