پریذیڈنٹ ٹرافی: واپڈا کی پی ٹی وی کے خلاف 3 وکٹوں سے کامیابی

 

پریذیڈنٹ ٹرافی: واپڈا کی پی ٹی وی کے خلاف 3 وکٹوں سے کامیابی
محمد اخلاق کی سنچری، کاشف بھٹی کی پانچ وکٹیں

کراچی 22 جنوری، 2024:ء

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں اور آخری راؤنڈ میں واپڈا نے پی ٹی وی کو تین وکٹوں سے شکست دیدی۔ اس میچ کا فیصلہ دوسرے دن ہی ہوگیا۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں واپڈا کو میچ جیتنے کے لیے 225 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
محمد اخلاق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 97گیندوں پر 100 رنز اسکور کیے جس میں 15 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ احمد شہزاد نے دس چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔
محمد جنید اور فیصل اکرم نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل اکرم نے میچ میں مجموعی طور پر 139 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پی ٹی وی کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 202 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ محمد شہزاد گیارہ چوکوں کی مدد سے 53 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے تھے۔
آصف آفریدی نے87 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 67 رنز دے کر 5 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 54 رنز بنائے تھے۔ اظہرعلی 34 اور عمیر بن یوسف 19 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے پہلے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 257 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعد خان نے تیرہ چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے۔ محمد حریرہ نے 85 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
میر حمزہ نے53 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد علی نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے غنی گلاس کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 139 رنز بنائے تھے اور اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ عمرامین گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے قبل غنی گلاس کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ سعد نسیم نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 53 رنز اسکور کیے۔ کاشف بھٹی نے 99 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

 

 

error: Content is protected !!