سہ ملکی بلائنڈ کرکٹ سیریز ; قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 13 فروری سے شروع ہوگا۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام سہ ملکی بلائنڈ کرکٹ سیریز کی تیاری کےلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 13 فروری سے شروع ہوگا۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے اے پی پی کو بتایا کہ تربیتی کیمپ لاہور یا میرپور میں لگایا جائے گا جس میں ایونٹ کےلئے منتخب 15 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے، جن کھلاڑیوں کو کیمپ میں مدعو کیا ہے ان میں بی ون کیٹگری میں ظفر اقبال ، ریاست خان ، محمد شاہ زیب ،

فخر عباس اور محمد سلمان ، بی ٹو کیٹگری میں قومی بلائنڈ ٹیم کے کپتان نثار علی ، بدر منیر، شاہ زیب حیدر ، بابر علی اور معین اسلم جبکہ بی تھری کیٹگری میں مطیع اللہ ، محمد راشد ، محمد صفدر ، کامران اختر اور اکمل حیات شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ محمد جمیل اور طاہر محمود بٹ جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دیں گے۔

سہ ملکی نیشنل بلائنڈ کرکٹ سیریز 22 سے 25 فروری تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی جس میں پاکستان ، بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

 

 

error: Content is protected !!