پاکستان کے کامیاب دورے کے بعد ڈچ ہاکی کلب بل ای وطن واپس پہنچ گیا۔
ڈائریکٹر اسپورٹس ہائر ایجوکیشن کمشن جاوید میمن نے ھالینڈ ھاکی کلب ٹیم کے دورہ پاکستان کو بارش کا پہلا قطرہ اورامید کی ایک کرن قرار دے دیا۔
جاوید میمن کے مطابق ایچ ای سی ٹیم بھی اگست میں ہالینڈ کا دورہ کرنے جائے گی۔بائیس سال بعد کسی بھی یورپین ھاکی ٹیم کا آنا زوال پذیر اور مردہ قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ھالینڈ کے کلب ٹیم کا جس طرح پاکستان میں استقبال کیا گیا۔ بہترین میزبانی کے ساتھ جو عزت اور محبت دی اس پر ڈچ ٹیم بہت خوش تھی اور انہوں نے پاکستانیوں کی بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
اس دورہ سے نہ صرف پاکستان کی ھاکی میں بہتری آئے گی بلکہ ملکی سوفٹ امیج بھی دنیا بھر میں بہتر ہوگا کہ پاکستان ایک پرامن ملک اور ھاکی سے محبت کرنے والی قوم ہے۔ھالینڈ کی ھاکی کلب ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان سے ملک کا بہترین امیج سامنے آیا ہے
اور اسطرح غیر ممالک کی ٹیموں کی پاکستان آمد کے لیے بھی رستے ہموار ہوئے ہیں۔اس طرح کے اقدامات سے پاکستان کی اسپورٹس بھی ترقی کریگی۔
ڈائریکٹر اسپورٹس ایچ ای سی نے ھالینڈ کی ھاکی ٹیم کے کامیاب دورہ کا تمام تر کریڈٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن چئیرمین ڈاکٹر مختار احمد،خواجہ جنید ھاکی اکیڈمی کے چئیرمین اولمپیئن خواجہ جنید، چیف ایگزیکٹو جنید چھٹہ،وائس چئیرمین مسعود الرحمن اور ان کی ٹیم کو دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر مختار احمد کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے تین میچوں کی یہ سیریز ممکن ہوئی۔ وہ پاکستان کی تمام اسپورٹس خاص طور پر قومی کھیل کو بلندیوں پر دیکھنے کے متمنی ہیں۔
چئیرمین ایچ ای سی کے بھرپور تعاون کے ساتھ خواجہ جنید کی ٹیم نے جنون اور لگن کے ساتھ مثالی کام کرکے اس تاثر کو مزید تقویت دی یے کہ اگر نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ کام کیا جائے تو قومی کھیل کو اپنے پاوں پر کھڑا کیا جاسکتا ہے۔
جاوید میمن نے ہائر ایجوکیشن ٹیم سٹاف ،سر سیئد یونیورسٹی آف انجینیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے انٹرنیشنل کھلاڑی اور ڈائریکٹر اسپورٹس مبشر مختار کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈچ کلب ٹیم کی مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔
جاوید میمن کا اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسپورٹس کی ترقی میں بہت اہم کردار اور خدمات پیش کر رہا ہے جس کی وجہ سے کئ نوجوان کھلاڑی ابھر کر سامنے آرہے ہیں
اور انہیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے۔ وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے بہترین پرفارمرز کو ڈچ کلب کے خلاف میچز سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔
انٹرنیشنل ٹیم کے خلاف کھیل کر ملنے والا تجربہ ان نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد بھی یہ ہی ہے۔ آئندہ بھی اس طرح کے مزید پروگرام تیار کیے جارہے ہیں۔
ڈائریکٹر اسپورٹس ایچ ای سی نے ہالینڈ ایمبسی اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے کردار کی بھی کھل کر تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔