چیئرمین پی سی بی کا ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ ، کھلاڑیوں سے ملاقات

چیئرمین پی سی بی کی ملٹری اکیڈمی کاکول میں کھلاڑیوں سے ملاقات, پاک فوج کا شکریہ ادا کیا

……. ( اصغر علی مبارک ) ….

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد میں پاک فوج کے زیر نگرانی جاری ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی،

پی سی بی کے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے ایبٹ آباد میں کاکول کا دورہ کیا اور پاکستان آرمی کے ٹرینرز کی جانب سے پاکستان کے ٹی 20 کھلاڑیوں کے لیے لگائے جانے والے فٹنس کیمپ کا ذاتی طور پر مشاہدہ کیا،

اس دورے کا مقصد تربیتی کیمپ کے بارے میں جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کیمپ کے انعقاد میں پاک فوج کے تعاون پر شکریہ ادا کرنا تھا۔ فٹنس کیمپ ملٹری اکیڈمی کاکول پاکستان کے کھلاڑیوں کی جسمانی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے

اور اس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آئندہ کرکٹ اسائنمنٹس کے لیے بہترین حالت میں ہوں جس میں اس سال جون میں ہونے والا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔

پی سی بی کے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور کیمپ میں ان کی لگن اور فعال شرکت پر ذاتی طور پر ان کی تعریف کی۔

انہوں نے کھلاڑیوں کے جوش و جذبے اور ان کی فٹنس میں اضافے کے بڑھانے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کھلاڑیوں سے ملاقات کے علاوہ چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ بھی کی

جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے ٹیم کے انتخاب پر بات کی گئی، ملاقات میں کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ہیڈ کوچ کی تقرری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اراکین کو بھی اعتماد میں لیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میں اپنے کرکٹرز کو سپورٹ کرنے پر پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ پاک فوج کا تعاون نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس لیول میں اضافہ کرے گا

بلکہ مستقبل میں انہیں مزید نظم و ضبط کا پابند بھی بنائے گا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ یہ کیمپ یقینی طور پر کھلاڑیوں کو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں عالمی ٹورنامنٹ کی طرف لے جانے والے ایک چیلنجنگ سفر سے پہلے مستحکم پوزیشن میں رکھے گا۔

پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ضروری آلات اور وسائل سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں مکمل مدد فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق کپتان بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی سے بھی ملاقات کی اور ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی سے متعلق فیصلے پر اعتماد میں لیا۔ محسن نقوی نے سلیکشن کمیٹی ممبران اور قومی اسکواڈ کے کھلاڑیوں سے فٹنس کیمپ اور ٹریننگ کے متعلق پوچھا۔

ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی سے مصافحہ کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مکالمہ کیا جس پر فاسٹ بولر نے جواب دیا کہ ان کا دل بالکل صاف ہے اور وہ بات کو نہیں بڑھانا چاہتے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شاہین شاہ آفریدی کے سامنے پی سی بی کی غلطی کا اعتراف کیا۔کھلاڑیوں سے خطاب میں محسن نقوی نے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن کے لیے سارے اختیارات سلیکشن کمیٹی کو دے دیے گئے ہیں.

واضح رہے کہ گزشتہ روز بابر اعظم کو قومی ٹیم کی قیادت دوبارہ سونپےپر شاہین نے قیادت سے ہٹائے جانے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ ابھی یہ معاملہ چل ہی رہا تھا کہ بورڈ کی جانب سے باضابطہ طور پر بابر اعظم کو محدود اوورز کا قائد بنانے کا بیان جاری کردیاگیا تھا

جس میں شاہین کا بیان بھی شامل ہے لیکن سابق کپتان اس بیان سے لاعلم معلوم تھےذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی افطاری کرکے سوئے ہوئے تھے کہ اسی دوران پی سی بی نے ان کے نام سے خبر جاری کردی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے کپتانی چھوڑنے اور بابر اعظم کو کپتان قبول کرنے کا بیان جاری کیا تھا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں شاہین سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ میں بابر اعظم کی کپتانی میں کھیلا ہوں اور ان کے لیے احترام موجود ہے۔

error: Content is protected !!