قائداعظم ٹرافی : لاڑکانہ کی ٹیم ایبٹ آباد کے خلاف 63 رنز پر آؤٹ

قائداعظم ٹرافی : لاڑکانہ کی ٹیم ایبٹ آباد کے خلاف 63 رنز پر آؤٹ۔

لاہور وائٹس کے احمد بشیر اور ایبٹ آباد کے محمد عادل کی سات سات وکٹیں۔

سیالکوٹ کے عاشر محمود اور اذان اویس کی ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف اوپننگ ڈبل سنچری پارٹنرشپ

لاہور 7 نومبر ۔ قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے پہلے دن کے کھیل کی خاص بات لاہور وائٹس کے احمد بشیر کی اسلام آباد کے خلاف اور ایبٹ آباد کے محمد عادل کی لاڑکانہ کے خلاف سات سات وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔

احمد بشیر اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 22 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہوگئے ہیں۔

سیالکوٹ کے اذان اویس اور عاشر محمود نے ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف اوپننگ ڈبل سنچری پارٹنرشپ قائم کی۔

شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی وائٹس اور راولپنڈی کے درمیان میچ پچ کی صورتحال کے سبب بارہویں اوور میں روک دیا گیا۔ اسوقت کراچی وائٹس نے 3 وکٹوں پر28 رنز بنائے تھے۔

نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں لاڑکانہ کی ٹیم ایبٹ آباد کے خلاف صرف 63 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد عادل نے صرف 16 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔

ایبٹ آباد نے کھیل ختم ہونے پر 81 رنز بنائے تھے اور اس کے2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

اشفاق گراؤنڈ چارسدہ میں آزاد جموں کشمیر کی ٹیم پشاورکے خلاف 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ساجد خان نے52 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 74 رنز بنائے تھے۔

ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں حیدرآباد کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے96 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔کاشف بھٹی 36 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ اسد رضا اور شاہد علی نے چار چار وکٹیں وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں فیصل آباد نے 8 وکٹوں پر212 رنز بنائے تھے۔محمد فیضان نے 83 رنز اسکور کیے۔بلاول بھٹی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

سعید اسپورٹس سٹی لاہور میں کوئٹہ کی ٹیم لاہور بلوز کے خلاف پہلی اننگز میں 101 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔شہباز خان 57 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ نثار احمد نے 25 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور بلوز نے5 وکٹوں پر36 رنز بنائے تھے۔

مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں اسلام آباد کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف پہلی اننگز میں 167 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ارسل شیخ 63 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ احمد بشیر نے 31 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور وائٹس نے کھیل ختم ہونے پر 3وکٹوں پر90 رنز بنائے تھے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ملتان میں کراچی بلوز نے فاٹا کے خلاف 5 وکٹوں پر 221 رنز بنائے تھے۔
عبداللہ فضل نے 96 رنزپر ناٹ آؤٹ ہیں۔

ایبٹ آباد اسٹیڈیم ایبٹ آباد میں بہاولپور نے ملتان کے خلاف 2 وکٹوں پر 238 رنز بنائے تھے۔ عابد علی 64 اور علی حمزہ 84 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 123 رنز کا اضافہ کیا۔

رانا نوید اکیڈمی شیخوپورہ میں سیالکوٹ نے ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف بغیر کسی نقصان کے200 رنز بنائے تھے ۔اذان اویس اور عاشر محمود نے پہلی وکٹ کے لیے ڈبل سنچری اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی۔عاشرمحمود112 اور اذان اویس 76 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ 20 سالہ اذان اویس نے لگاتار تیسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی ہے۔

تعارف: News Editor