کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت پاکستان سپر لیگ کی لیڈنگ فرنچائز ’’کراچی کنگز‘‘ دوسرا سندھ کے شہزادے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا کل (اتوار) سے نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم پر آغاز ہورہا ہے ۔ اس کا اعلان کراچی کنگس کے اونر سلمان اقبال نے ڈائریکٹر کراچی کنگز اور سابق قومی کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم راشد لطیف کے ہمراہ ایک میڈیا ریلیز میں کیا ۔ افتتاحی میچ کراچی کے شہزادے اور برج پاور حیدرآباد کے شہزادے کے مابین 8بجے شب کھیلا جائے گا۔قبل ازیں ایک رنگارنگ تقریب کا ساڑھے چھ بجے انعقاد کیا جائے گا ۔ اس موقع پر کراچی کنگز کی ٹاپ منیجمنٹ ، ٹاپ آفیشلز، کرکٹرزو دیگر معززشخصیات بھی اپنی شرکت کو یقینی بنائیںگی۔ ایونٹ میں سندھ کے پانچ ڈویثرن کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔پانچ روزہ ایونٹ میں کراچی کے شہزادے، برج پاورحیدرآباد کے شہزادے، ایچ ایس جے نوابشاہ کے شہزادے، اِگلو سکھر کے شہزادے اور ہاک میرپورخاص کے شہزادے کی ٹیمیںسنگل لیگ کی بنیاد پر دوران ٹورنامنٹ ایکشن میں نظر آئیں گی۔ 2ٹاپ ٹیمیںفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔فائنل 14ستمبر کو 9بجے شب نیا ناظم آباد اسٹیڈیم سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔سنگل لیگ کی بنیا دپر کھیلے جانے والے میچز کوبھی پی ٹی وی سے براہ راست دکھائے جانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔اونر کراچی کنگزسلمان اقبال نے کرکٹ کے شائقین سے نیا ناظم آباد اسٹیڈیم میں اپنی شرکت کو یقینی بنانے اورکراچی کنگزسندھ کے شہزادوں کی دوران ٹورنامنٹ حوصلہ افزائی کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ کھلاڑی شائقین کی موجودگی میں زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرسکیں۔