لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) آئندہ ماہ شیڈول پہلی یورو ٹی ٹونٹی سلیم کرکٹ لیگ کے سلسلے میں پلیئرز ڈرافٹنگ مکمل ہو گئی، شاہد آفریدی، بابر اعظم، فخر زمان، محمد عامر اور شاہین آفریدی سمیت 10 پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ایونٹ 30 اگست سے ایک ساتھ ہالینڈ اور آئرلینڈ میں شروع ہو گا۔ دونوں ممالک نے مشترکہ طور پر لیگ کا اہتمام کیا ہے۔ لندن میں منعقدہ ڈرافٹنگ کی تقریب میں چھ فرنچائزز نے کئی موجودہ اور سابق نامور کرکٹرز کو اپنے اپنے سکواڈز میں شامل کیا، آئیکون پلیئر شاہد آفریدی اور محمد نواز بلفاسٹ ٹائٹنز کی نمائندگی کریں گے، ان کے ساتھ جے پی ڈومینی، لیوک رائٹ اور کولن انگرام جیسے بڑے نام بھی موجود ہوں گے، ڈبلن چیفس نے ایوان مورگن کے علاوہ بابر اعظم اور محمد عامر کی خدمات حاصل کی ہیں، فخرزمان، شاہین شاہ آفریدی اور انور علی کو روٹرڈیم رینیوز نے منتخب کیا، ان کے ساتھ ٹیم میں راشد خان اور لیوک رونکی بھی شامل ہوں گے، حسن علی اور احمد شہزاد ایمسٹرڈیم نائٹس کا حصہ ہوں گے اور وہ شین واٹسن، عمران طاہر اور بین کٹنگ کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گے، عثمان شنواری گلاسگو جائنٹس کی جانب سے ایکشن میں ہوں گے، ان کے ساتھ برینڈن میک کولم، ڈیل سٹین، روی بوپارا، ہینرچ کلاسن اور موئسز ہینرکس بھی فرنچائز کی جانب سے ایکشن میں ہوں گے، آئیکون کرکٹر مارٹن گپٹل کو ایڈن برگ راکس میں کرس لین، کورے اینڈرسن، میٹ ہنری اور کائل کوئٹزر جوائن کریں گے۔